اے این ایف کی گوادر میں بڑی کاروائی، بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام
گوادر(نوائے ٹیکسلا نیوز )انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے گوادر میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران 720 کلوگرام اعلیٰ معیار کی چرس برآمد کی گئی، جو پنجگور سے گوادر اور پھر تنزانیہ اور یمن منتقل کی جانی تھی۔اطلاعات کے مطابق اے این ایف ٹیم نے خفیہ اطلاع ملنے پر جیوانی کراس، گوادر کے قریب مشکوک ہینو ٹرک اور پراڈو گاڑی کو روکا۔ تلاشی کے دوران گاڑیوں کے فرش میں مہارت سے چھپائی گئی 720 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ کارروائی میں دو ملزمان کو بھی موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق ایک منظم بین الاقوامی نیٹ ورک سے ہے، جو منشیات کو یمن اور تنزانیہ اسمگل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا،اے این ایف کی بروقت اور مؤثر انٹیلیجنس کارروائی سے اس نیٹ ورک کے منصوبے کو ناکام بنایا گیا۔اے این ایف کی جانب سے گرفتار ملزمان کے انکشافات کی روشنی میں نیٹ ورک کے دیگر افراد اور منشیات سپلائرز کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائیاں جاری ہیں۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق، اے این ایف ملک کو منشیات سے پاک بنانے کے اپنے عزم پر قائم ہے اور منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔”ایک قوم، ایک منزل — منشیات سے پاک پاکستان” کے تحت اے این ایف اپنی کارروائیاں بھرپور طریقے سے جاری رکھے گی۔






