عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان پر مسلم لیگ ن کا ردِعمل سامنے آ گیا
اب تمام جماعتوں کو الیکشن کی تیاری کرنی چاہیے،نواز شریف کی آمد سے متعلق پارٹی میں جوش و خروش ہے،احسن اقبال کی گفتگو
اسلام آباد (بیوروچیف نوائے ٹیکسلا) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اعلان کے بعد انتخابات سے متعلق غیر یقینی کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کرانے کا اعلان کر دیا،الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا کہ تمام جماعتوں کو اب الیکشن کی تیاری کرنی چاہیے،الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کو مکمل کرنے کے بعد انتخابی شیڈول کا اعلان کرتا ہے۔
الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کے دورانیے کو کم کرنے کی تجاویز پیش کی گئی تھیں،حلقہ بندیوں کے بغیر ون مین ون ووٹ کا تصور ختم ہو جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آئین و قانون کے مطابق حلقہ بندیاں کر رہا ہے۔
احسن اقبال نے قائد مسلم لیگ ن کی واپسی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی آمد سے متعلق مسلم لیگ ن میں جوش و خروش ہے،کارکن اپنے قائد کی آمد کا انتظار کر رہے ہیں۔
سپریم کورٹ آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی اور جو بھی سپریم کورٹ کا فیصلہ ہو گا سب کیلئے قابلِ عمل ہو گا۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں الیکشن کروانے کا اعلان کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کیا جس میں گیا کہ ملک بھر میں عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کروا دئیے جائیں گے۔ 27 ستمبر کو حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی،اعتراضات کے بعد حتمی فہرست 30 ستمبر کو جاری کیا جائے گی۔ جبکہ اس سے قبل نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے قانون اور سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا تھا کہ ملک میں عام انتخابات 15 سے 25 جنوری کے درمیان ہونے کی توقع ہے۔