مقامی انتظامیہ کا پولٹری ڈیلرزکے خلاف کریک ڈاون، پولٹری ایسوسی ایشن نے گرفتاریوں اور بھاری جرمانوں کو بلا جواز قرار دے دیا
واہ کینٹ، ٹیکسلا (نمائندگان نوائے ٹیکسلا) پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے دکانداروں کے خلاف کارروائی اور گرفتاریوں کو بلاجواز قرار دے دیا، متحدہ پولٹری ایسوسی ایشن کے صدر ملک سہیل اختر، جنرل سیکرٹری رانا عرفان اختر سمیت آل پنجاب چکن ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شیخ شعیب اقبال سمیت دیگر عہدیداران نے ریٹیلرز اور عام دکاندار کے خلاف کارروائی کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے ان مافیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پولٹری سیلرز کے عہدیداروں نے کہا کہ قیمتوں کا طریقہ کار چکن پروڈیوسرز کے بجائے تاجروں نے طے کیا ہے جنہوں نے نرخوں پر ”اجارہ داری“ قائم کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برائلر فارم ایسوسی ایشن (بی ایف اے)، پنجاب پولٹری ٹریڈ ایسوسی ایشن اور پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کھلی منڈی میں چکن کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے قابل عمل قیمت کا میکنزم قائم کرے۔ انہوں نے دکانداروں کی گرفتاری اور ہتھکڑیاں لگانے اور ان کے ساتھ مجرمانہ سلوک کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مقامی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ خلاف ورزی کرنے والوں پر مقدمات کے اندراج کے بجائے جرمانے عائد کریں۔