واہ کینٹ، ٹیکسلا میں غیر رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کی بھر مار سادہ لوح افراد لٹنے لگے، تحقیقاتی ادارے بے خبر
ٹیکسلا(نمائندہ نوائے ٹیکسلا) ٹیکسلا واہ کینٹ میں غیر قانونی ٹریول ایجنسیوں کی بھر مار (ایف آئی اے) نے اپنی آنکھیں موند لیں، ٹیکسلا واہ میں کئی غیر رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیاں قائم ہیں غیر قانونی ٹریولز ایجنسیاں میں بیٹھے نوسر باز ایجنٹ دھڑلے سے سادہ لوح افراد کو بیرون ممالک کا جھانسہ دیکر لوٹنے میں مصروف ہیں، لوگوں کو اس وقت معلوم ہوتا ہے جب ان سے زندگی بھر کی جمع پونجی لوٹ لی جاتی ہے اور دفتروں کے چکر لگائے جاتے ہیں،نام نہاد ایجنٹ دھڑلے سے غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف پاکستان میں بیروزگاری کی وجہ سے غریب عوام بیرونی ممالک جانے کے لئے ان نام نہاد ایجنٹوں کے پاس جاتے ہیں آگے سے ٹریول ایجنٹ ان کو سبز باغ دکھانے کے بہانے لوٹ لیتے ہیں اور جو سائل ان کے پاس جاتے ہیں یہ اپنا سب کچھ حتیٰ کہ گھریلو قیمتی اشیاء بیچ کر لاکھوں روپے ان ایجنٹوں کو دے کر اپنا سب کچھ داو پر لگا دیتے ہیں سادہ لوح عوام کو کیا پتہ کہ یہ لوگ رجسٹرڈ ہیں یا نہیں عوام میں آگاہی بھی ضروری ہے، تاہم شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ واہ کینٹ، ٹیکسلا میں غیر رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کیا جائے، اس مذموم دھندے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے