استعفیٰ قبول نہ ہونے کی خبر ٹی وی سے پتا چلی، انضمام الحق ,استعفیٰ قبول کیا ہوتا تو انضمام عہدے سے فارغ ہوتے، پی سی بی
اسلام آباد( سپورٹس رپورٹر ، نوائے ٹیکسلا)انضمام الحق کے مؤقف پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ استعفیٰ قبول کیا ہوتا تو وہ عہدے سے فارغ ہوتے اور کہانی ختم ہوتی۔خیال رہے کہ جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں بات چیت کرتے ہوئے مستعفی چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ استعفیٰ قبول نہ ہونے کی خبر ٹی وی سے پتہ چلی، پی سی بی کو میرے وکیل نے ای میل کی ہے کہ ہمیں بلایا جائے۔تاہم اب پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انضمام الحق کی ای میل کل موصول ہوئی، یقینی جواب دیں گے۔ کرکٹ بورڈ کے مطابق تحقیقات مفادات کے تصادم کی ہو رہی ہیں اور یہ انضمام الحق کو پتہ ہے، تمام تحقیقات مکمل ہونے پر انضمام کو بتایا جائے گا اور انہیں بلایا بھی جائے گا۔پی سی بی کے مطابق استعفیٰ قبول کیا ہوتا تو وہ عہدے سے فارغ ہوتے اور کہانی ختم ہوتی۔ انضمام الحق بہت بڑے کرکٹر ہیں، پی سی بی ان کی عزت کرتا ہے۔ انضمام الحق کو عزت دینے کی وجہ سے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا۔کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی ترقی میں انضمام الحق اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، پی سی بی کی نیت خراب ہوتی تو انضمام الحق کو ہٹا دیتے۔ تحقیقات نیک نیتی کی بنیاد پر کر رہے ہیں۔