بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کے خلاف جماعت اسلامی کا واپڈا دفتر کے باہر احتجاج
واہ کینٹ( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) سابق ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب و نائب امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی پروفیسر محمد وقاص نے حافظ نعیم الرحمن امیر جماعت اسلامی پاکستان کی کال پر واپڈا آفس واہ کینٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ، بجلی کے بلوں نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے ۔ چند ماہ قبل حافظ نعیم الرحمن ،امیر جماعت اسلامی پاکستان نے راولپنڈی میں دھرنا دیا تھا اور حکومت کی یقین دھانی اور معاہدے کے بعد دھرنا مؤخر کیا تھا اس دھرنا نے کچھ نہ کچھ عوام کو ریلیف دیا تھا مگر اب بھی عوام ناجائز بجلی کے بلوں کی وجہ سے سخت پریشان ہیں آج ہم نے حافظ نعیم الرحمن کی کال پر پورے ملک کے ساتھ واپڈا دفتر کے باہر مظاہرہ کیا ہے , اب ایک بڑے احتجاج کے لئے عوام کو اٹھنا ہوگا ،آئی پی پی ایز کی لوٹ کھسوٹ سے جان چھڑانے کے لیے حافظ نعیم کی کال کا بھر پور ساتھ دینا ہوگا، حکومت پاکستان کے ارباب اختیار سے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ نجی پاور سپلائی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے ختم کرکے عوام کو ان کے ظلم و ستم سے بچایا جائے ۔ مظاہرے سے ،عتیق کا شمیری , راجہ حبیب الرحمٰن اور ثاقب صدیقی نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر مسعوداحمد خان سمیت کارکنان کی کثیر تعداد احتجاج میں شریک تھی