افغان شہریوں کا چمن بارڈر کے راستے رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپسی کا سلسلہ جاری
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک)پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کا چمن بارڈر کے راستے رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔3 تا 25 اکتوبر 2023 تک چمن بارڈر کے راستے 17616 افغان باشندے اپنے وطن روانہ ہوئے۔ایف سی بلوچستان (نارتھ) کا سول انتظامیہ کے اشتراک سے باب دوستی چمن پر قائم مہاجرین سینٹر مکمل فعال ہے۔ اس سینٹر سے غیرقانونی باشندوں کو اپنے وطن واپسی کیلئے ہموار سہولتکاری فراہم کی جارہی ہے۔ اس سینٹر میں فیملیز کیلئے بیٹھنے کی سہولت، میڈیکل کیمپ اور کھانے پینے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔وطن واپسی کے موقع پر افغان مہاجرین نے ان سہولیات کی فراہمی پر پاک فوج و ایف سی کا شکریہ ادا کیا۔ ہم رضاکارانہ طور پر اپنے وطن واپس جارہے ہیں۔ ہم پاکستان کی حکومت اور عوام سے خوش ہیں۔افغان شہریوں نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہاں ٹھنڈا پانی، میڈیکل اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی۔ ہم عوام سے بھی خوش ہیں اور حکومت سے بھی خوش ہیں۔ ہمارے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی۔افغان شہریوں کی اپنے ملک باعزت طریقے سے واپسی کیلئے پاکستان آرمی، ایف سی اور دیگر اداروں کی جانب سے سہولیات کی فراہمی جاری رہے گی۔