الخدمت فاؤنڈیشن بنوقابل پروگرام کے فارغ التحصیل ہزاروں طلبہ وطالبات کیلئے تقریب کاانعقاد
لاہور ( محمد عاقل علی سے)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے بنو قابل پروگرام نے کراچی کے بعد لاہورمیں بھی کورسز مکمل کرنے والے طلبہ وطالبات کوفری لیپ ٹاپ دینے کا آغاز کردیا ,آئی ٹی سمیت دیگرجدید کورسز مکمل کرنے والے ہزاروں طلباء کیلئے ایکسپوسنٹرلاہورمیں تقریب کاانعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی امیرجماعت اسلامی پاکستان انجینئرحافظ نعیم الرحمن تھے۔امیرلاہورضیاء الدین انصاری،ریجنل صدرالخدمت فاؤنڈیشن لاہورانجینئراحمدحماد رشید،ایگزیکٹوڈائریکٹرز سلمان شیخ،عمیرادریس،سینئرمنیجرمیڈیاریلیشنزشعیب ہاشمی، یونیورسٹی پروفیسرز،ٹرینرز سمیت زندگی کے مختلف شعبوں کے نمایاں افراد تقریب میں شریک ہوئے۔ مہمانان خصوصی نے کورس مکمل کرنے والے طلبہ وطالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے،کورسزکے دوران نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے طلباء کو مفت لیپ ٹاپ دئیے گئے جن کے باعث وہ اپنی عملی زندگی میں روزگار کے قابل ہوسکیں گے۔ انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی 25 کروڑ آبادی کا 65 فیصدسے زائد حصہ 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے،ملک میں قدرتی وسائل کی فراوانی ہے،ملکی آئین ہر بچے کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کا وعدہ کرتا ہے، لیکن زمینی حقائق مختلف ہیں،پونے تین کروڑ کے لگ بھگ بچے سکولوں سے محروم ہیں جنھیں تعلیم دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔آئی ٹی سیکٹرمیں بے روزگار نوجوانوں کیلئے بہت زیادہ مواقع ہیں الخدمت فاؤنڈیشن کے بنوقابل پروگرام کا آغاز 2022میں کراچی سے ہواجسے اب پورے پاکستان میں پھیلایاجارہا ہے،بلوچستان،خیبرپختونخوا،سندھ اور پنجاب کے پسماندہ اضلاع ہمارا ٹارگٹ ہیں وہاں کیمپس قائم کرکے نوجوانوں کو آئی ٹی سمیت دیگرجدیدکورسز کروائیں گے جن کی بدولت یہ نوجوان اپنے سمیت دیگرنوجوانوں کوبھی روزگارکی فراہمی کا ذریعہ بنیں گے۔ 16کروڑ نوجوان پاکستانی قوم کا سرمایہ ہیں الخدمت کی ٹیم کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں جو انتہائی محنت سے اس سرمائے کومحفوظ اورقابل بنانے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے،50ہزار طلباء بنوقابل پروگرام کے ذریعے کورسزکے بعد عملی زندگی کا آغازکرچکے ہیں وہ نہ صرف اپناروزگار کمارہے ہیں بلکہ دیگرنوجوانوں کے روزگارکی فراہمی کا ذریعہ بن رہے ہیں۔دوسالوں میں 10لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی سمیت دیگرکورسز کروانے کے بعد روزگارمیں معاونت ہمارا ہدف ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے کہاکہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈویلپمنٹ، فری لانسنگ، ای کامرس،آئی ٹی سمیت 28 فری کورسز کروائے جارہے ہیں،وفاقی دارالحکومت سمیت ڈویژنل ہیڈکواٹرزاور پسماندہ اضلاع میں بنوقابل پروگرام کے سنٹرزکاقیام جاری ہے جن کی بدولت نوجوان جدیداسکل سے آراستہ ہوکراپنے خاندانوں کی کفالت کے قابل بن سکیں گے۔