سعودیہ میں 12 ہزار افغانیوں سے پاکستانی پاسپورٹ برآمد
اسلام آباد ( ویب نیوز )پاکستان کے جعلی پاسپورٹ پر 12 ہزار سے زائد افغانی سعودی عرب پہنچ گئے۔ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے 12 ہزار افغانیوں کے جعلی پاکستانی پاسپورٹس پر آنے کا انکشاف کیا۔ جس پر وزارت داخلہ میں کھلبلی مچ گئی۔وزارت داخلہ نے 12 ہزار سے زائد افغانیوں کو جعلی پاسپورٹس کے اجرا پر کارروائی کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح پر کمیٹی تشکیل دے دی۔تشکیل دی گئی کمیٹی میں وزارت داخلہ، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور حساس اداروں کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے جو جعلی پاسپورٹس جاری کرنے والوں کی نشاندہی کریں گے اور ملوث افراد کی فہرست تیار کریں گے۔افغانیوں کو جعلی پاسپورٹس بنا کر دینے والے افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پاسپورٹ مراکز سے افغانیوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے،پاکستانی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن حکام کے مطابق معاملے کی پوری چھان بین کی جارہی ہے،اس حوالے سے نادرا ڈیٹا کو بھی کاؤ نٹرچیک کیا جارہا ہے،افغان شہریوں کے پاکستانی پاسپورٹ رکھنے پرسعودی حکام نے پاکستانی سفارتخانہ سے رابطہ کیا ہے، معاملے سے وزرات خارجہ کو بھی آگاہ کیا ،فوری کاروائیاں عمل میں لائیں گئیں،واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پاکستان میں غیرقانونی طور پرمقیم غیرملکیوں کو ملک چھوڑنے کے لیے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی جاچکی ہےذرائع کے مطابق جعلی پاسپورٹ بنانے والے گروہ کا مرکزی ملزم لاہورجبکہ معاملے میں ملوث پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ اسلام آباد کا ایک حاضرسروس اورایک ریٹائرڈ ملازم گرفتار کرلیا گیا ہے