آئی فون 15 نہ دینے پر اسٹور ملازم کے کپڑے پھاڑ دیے گئے، ویڈیو وائرل
آئی فون15 کی ڈیلیوری میں تاخیر پر صارفین بھپر گئے۔ اسٹور پر موجود ملازم سے تو تکار کے بعد ان کی درگت بنا دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی دارلحکومت نیو دہلی کے علاقے کملا نگر میں واقع ایک موبائل اسٹور میں صارفین اور ملازمین کے درمیان بات اس وقت بگڑ گئی جب صارف کو آئی فون 15 پرو ماڈل کی ڈیلیوری میں تاخیر کی گئی۔
اس واقعے کی ویڈیو جنگل کی آگ کی طرح انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔ کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسٹور کے ملازمین اور وہاں موجود کسٹمرز ایک دوسرے پر مکے برسانے کے ساتھ ساتھ گالی گلوچ بھی کررہے ہیں۔
وہاں موجود لوگوں کے مطابق بحث مباحثہ اس وقت شروع ہوا جب ایک کسٹمر نے آئی فون 15 پرو کے لیے درخواست کی تاہم اسے بتایا گیا کہ فون کا اسٹاک موجود نہیں ہے، جس کے بعد بات بڑھتے بڑھتے ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔
جھگڑے کے دوران کچھ کسٹمرز نے ملازمین کو مکے رسید کیے جب کہ ایک ملازم کی شرٹ بھی پھاڑ دی گئی۔
دہلی پولیس کی جانب سے مذکورہ واقعے میں ملوث کسٹمرز کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
جہاں تک مذکورہ آئی فون کی بات ہے تو ایپل کی جانب سے پہلی بار ’میڈ ان انڈیا آئی فون‘ متعارف کرایا گیا ہے اور یہ اسی دن لانچ کیا گیا ہے جس دن دنیا بھر میں ایپل نے اپنا نیا فون ماڈل فروخت کے لیے پیش کیا ہے۔