شمس الرحمٰن سواتی کا مزدوروں کے حلقہ سے امیدوار قومی اسمبلی کے لئے نامزدگی خوش آئند ہے، وحید حیدر شاہ
واہ کینٹ ( نمائندہ نوائے ٹیکسلا) جماعت اسلامی پاکستان نے “قومی مزدور لیڈر” شمس الرحمٰن سواتی، کو مزدوروں کے حلقہ سے امیدوار قومی اسمبلی نامزد کر کے محنت کشوں کے دل جیت لیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی سی ایل ورکرز اتحاد فیڈریشن پاکستان سی بی اےکے مرکزی سینئر نائب صدر اور ایسوسی ایٹ سیکریٹری جنرل نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان وحید حیدرشاہ نے واہ میں مزدور رہنماؤں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ شمس الرحمٰن سواتی نے بطور ٹریڈ یونین لیڈر ایچ ایم سی جیسے ادارے کو پرائیویٹائزیشن سے بچانے اور حساس ادارے کے سپرد کروانے میں اہم کردار ادا کیا ۔اب ملک کی سب سے بڑی لیبر فیڈریشن کی سربراہی کررہے ہیں ۔ یہ فیڈریشن تقریباً 400 رجسٹرڈ یونینز اور لاکھوں مزدوروں پر مشتمل ہے ۔ واہ،ٹیکسلا، اور گردونواح کے اداروں میں کام کرنے والے ہزاروں مزدور انھیں اپنا مسیحا سمجھتے ہیں ۔ ایک مزدور ہی عام آدمی کے مسائل کا ادراک رکھتا ہے اور انھیں حل کرنے کی صلاحیت بھی ۔ اس موقع پر موجود مزدور رہنماؤں نے شمس الرحمٰن سواتی کی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کیا۔