واہ کینٹ/ٹیکسلا( نمائندگان نوائے ٹیکسلا ) نایاب ادبی فورم کے زیرِ اہتمام ایک خوب صورت اور یادگار مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں نامور شعراء، اہلِ قلم، ادبی شخصیات اور ادب سے گہری دلچسپی رکھنے والے سامعین نے شرکت کرکے ادبی محفل کو اپنی موجودگی سے رونق بخشی۔ اس نشست میں شعر و ادب کے فروغ، باہمی محبت اور ادبی روایات کے تسلسل کا خوب صورت منظر دیکھنے میں آیا۔مشاعرے کی صدارت محترم مبشر سلیم بشر نے کی، جبکہ شفقت حیات شفق مہمانِ خصوصی اور ڈاکٹر حمیرا قیصر مہمانِ اعزاز کی حیثیت سے شریک ہوئیں۔ اس موقع پر مختلف شعرائے کرام نے اپنا کلام پیش کیا اور سامعین سے داد و تحسین حاصل کی۔ باذوق حاضرین نے شعراء کے کلام کو بھرپور پذیرائی دی، جس سے محفل کا ادبی رنگ مزید نکھر کر سامنے آیا۔تقریب کے میزبان جناب نصرت یاب نصرت اور ان کے اہلِ خانہ نے تمام شعراء، اہلِ قلم اور مہمانوں کا جس خلوص، اپنائیت اور حسنِ میزبانی سے استقبال کیا، اسے شرکاء نے قابلِ تحسین قرار دیا۔ مہمانوں کو عزت و احترام سے نوازنے اور محبت بھرا ماحول فراہم کرنے کے باعث یہ ادبی شام یادگار بن گئی۔اس مشاعرے کا ایک نمایاں پہلو نوجوان نسل کی بھرپور شرکت تھی، جسے ادبی حلقوں کے لیے خوش آئند قرار دیا گیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ نئی نسل کی ادب، شاعری اور تخلیقی سرگرمیوں میں دلچسپی مستقبل میں ادبی روایت کو آگے بڑھانے کے لیے امید افزا ہے۔ ایسی محافل نوجوانوں کو اہلِ قلم سے سیکھنے، اپنے ذوق کو نکھارنے اور اردو ادب سے وابستگی مضبوط بنانے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔اس موقع پر نایاب ادبی فورم کے منتظمین کو کامیاب ادبی نشست کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی گئی اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ فورم اسی جذبے، خلوص اور تسلسل کے ساتھ ادبی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ شرکاء نے دعا کی کہ نایاب ادبی فورم کا ادبی و محبت آمیز سفر ہمیشہ تابندہ و پائندہ رہے اور اردو ادب کے فروغ میں اس کی کاوشیں مزید وسعت اختیار کریں۔

پی او ایف انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے وفد کا گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ٹیکسلا کا دورہ، باہمی تعاون کے فروغ میں دلچسپی
ٹیکسلاز( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) پی او ایف انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (پی او ایف آئی ٹی) کے پرنسپل انجینئر خورشید اختر، جو سابق…
مزید پڑھیے ←






