اسلام آباد( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سید علی ناصر رضوی نے چیئرپرسن نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس (این سی ایچ آر) سے ملاقات کی، جس میں انسانی حقوق کے تحفظ اور سائبر جرائم کی روک تھام کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران آن لائن ہراسانی کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے مؤثر انداز میں نمٹنے، سائبر جرائم کی روک تھام اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی کے لیے دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ ڈیجیٹل ماحول میں شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور انہیں ہراسانی و دیگر سائبر جرائم سے محفوظ رکھنے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔ملاقات میں ادارہ جاتی روابط کو مزید فعال اور مؤثر بنانے، معلومات کے تبادلے اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے متاثرین کی داد رسی اور انصاف تک رسائی بہتر بنانے کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔اس ملاقات کو انسانی حقوق کے تحفظ، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر شہریوں کے تحفظ اور سائبر جرائم کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے متعلقہ قومی اداروں کے درمیان تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا سکتا ہے۔








