پشاور ( نمائندہ نوائے ٹیکسلا )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل، قدیم تہذیبوں اور سیاحتی مقامات سے مالا مال صوبہ ہے، تاہم بدقسمتی سے ماضی میں ان وسائل کو نظر انداز کیا گیا۔ صوبے میں پانی، سستی پن بجلی، تیل، گیس، معدنیات، تمباکو اور سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں، جنہیں بروئے کار لا کر صوبے کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 28ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر نے ورکشاپ کے شرکاء کو پشاور آمد پر خوش آمدید کہا اور صوبے کو درپیش چیلنجز، حکومتی اقدامات اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح خیبرپختونخوا میں امن و امان کا قیام ہے۔ پولیس فورس کئی سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادری سے لڑ رہی ہے اور اس جنگ میں ناکامی یا شکست کی کوئی گنجائش نہیں، ہمیں ہر صورت یہ جنگ جیتنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں پولیس کی جانب سے 40 ارب روپے کی ڈیمانڈ کے مقابلے میں صرف ایک ارب روپے فراہم کیے گئے، جبکہ اب پولیس کے لیے مختص 70 ارب روپے میں سے 40 ارب روپے فوری طور پر جاری کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیف سٹیز منصوبے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور جنوبی اضلاع میں اس پر کام شروع کر دیا گیا ہے، جسے ضم اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی۔ ضم اضلاع میں پولیس لائنز اور پولیس انفراسٹرکچر کی شدید کمی ہے، جسے دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پولیس شہداء کے معاوضوں میں اضافہ کیا گیا ہے، شہداء کے اہل خانہ کو پلاٹ کے بجائے ڈیڑھ کروڑ روپے نقد فراہم کیے جائیں گے، جبکہ شہداء کی بیٹیوں کے جہیز کے لیے 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ پولیس شہداء کے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے سویٹ ہومز کے اشتراک سے کیڈٹ کالج قائم کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ ان بچوں کی مفت تعلیم کے لیے دو ارب روپے کا انڈومنٹ فنڈ بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس میں 17 ہزار آسامیاں خالی ہیں، جن میں سے سات ہزار اہلکاروں کی بھرتی فاسٹ ٹریک بنیادوں پر جاری ہے۔ پولیس کے لیے گاڑیوں کی خریداری کے عمل میں بھی نرمی کی گئی ہے اور ایس ایچ اوز تک بلٹ پروف گاڑیوں کی فراہمی ترجیح ہے۔ گورنر نے کہا کہ صوبے میں اس کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ کوہاٹ میں غیر قانونی مائننگ کے ذریعے ماہانہ تقریباً 4.2 ارب روپے کی معدنیات نکالی جا رہی تھیں، جبکہ اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث گروہوں کے کالعدم ٹی ٹی پی سے گٹھ جوڑ کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ غیر قانونی مائننگ سے حاصل ہونے والی آمدن کا 80 فیصد افغانستان منتقل ہو رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جا رہا ہے اور آئندہ صوبے میں معدنیات کی مائننگ مکمل قانونی طریقہ کار کے تحت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ معدنی وسائل کے بہتر استعمال کے لیے صوبائی مائننگ کمپنی قائم کی جا رہی ہے، سرمایہ کاروں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ معدنی وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد مقامی آبادی اور صوبے کی ترقی پر خرچ کیے جائیں گے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے، جنہیں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ صوبے کے کھلاڑی قومی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں اور ان کے مطابق قومی سطح پر 70 فیصد کھلاڑیوں کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ طالبات کے لیے اسکوٹی اسکیم متعارف کرائی جا رہی ہے، جبکہ ای گیمنگ کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
گورنر نے کہا کہ مختلف ممالک کے اشتراک سے 15 ہزار طلبہ کو ووکیشنل اور فنی تربیت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ہنر سے آراستہ کرکے ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں۔صحت کے شعبے سے متعلق انہوں نے کہا کہ صوبے میں ماضی کے دوران صحت کی صورتحال انتہائی گھمبیر رہی ہے، جس میں بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ادویات کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے موبائل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے کے لیے رواں ماہ ٹینڈر جاری کیا جا رہا ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے پولیس افسران کو کھلی کچہریوں کے انعقاد اور اوپن ڈور پالیسی اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا ہے اور ابتدائی طور پر لوگوں سے رضاکارانہ طور پر تجاوزات ہٹانے کی درخواست کی گئی۔ پشاور میں صفائی مہم بھی شروع کی گئی ہے اور سرکاری ملازمین کو اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح فیس لیس کورٹس کے قیام کے لیے بھی کام جاری ہے۔ضم اضلاع کی ترقی کے حوالے سے گورنر نے کہا کہ وہاں ترقیاتی فنڈز مقامی لوگوں کی مشاورت سے خرچ کیے جائیں گے، جبکہ وزیراعظم کے ترقیاتی پیکج کا 70 فیصد حصہ نامزد اضلاع میں خرچ کیا جائے گا۔ ان اضلاع کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مقامی آبادی کو اعتماد میں لے کر منصوبہ بندی کی جائے گی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ خیبرپختونخوا کو ایک بدلتا، نکھرتا اور مضبوط صوبہ بنایا جائے، جبکہ صوبے کی ترقی کے لیے تھری ٹی پالیسی پر کام کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے ورکشاپ کے شرکاء کے سوالات کے مفصل جوابات بھی دیے، جبکہ صحت، خزانہ، تعلیم سمیت مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے شرکاء کو اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی، امور اور جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔








