اسلام آباد ( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان کے دورے پر آئے بنگلہ دیشی سول سروس افسران کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان بھی موجود تھے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستانہ تعلقات، باہمی تعاون اور پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی نے بنگلہ دیشی وفد کو پاکستان کے پارلیمانی نظام، قانون سازی کے طریقہ کار اور قومی اسمبلی کی تشکیل کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں، پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) سیکرٹریٹ اور پارلیمانی کاکسز کی کارکردگی اور کردار کے بارے میں بھی وفد کو بتایا۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کے درمیان محبت، قربت اور خیرسگالی کے گہرے جذبات موجود ہیں، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وہ بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران بنگلہ دیشی عوام کی جانب سے انہیں جو محبت، خلوص اور پذیرائی ملی، اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ ان کے مطابق عوامی سطح پر موجود یہ قربت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی ایک اہم بنیاد ہے۔علاقائی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے پہلگام واقعے کو فالس فلیگ واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد بھارت نے پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کو چیلنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مئی 2025 میں بھارت کی جانب سے کی گئی بلاجواز جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ سردار ایاز صادق نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔سول سروس کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سول سرونٹس کسی بھی ملک کے انتظامی ڈھانچے اور ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے سول سروس افسران کے وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے افسران کو ایک دوسرے کے انتظامی تجربات، مہارتوں اور بہترین طریقہ کار سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ باہمی روابط اور تجربات کے تبادلے کے ذریعے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ ایسے دورے دونوں ممالک کے سرکاری اداروں کے درمیان روابط بڑھانے اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔اس موقع پر بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان نے وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔بنگلہ دیشی سول سروس افسران کے وفد نے پاکستان کے پارلیمانی نظام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بنگلہ دیشی عوام کے لیے خیرسگالی کے جذبات کو سراہا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط، انتظامی تجربات کے تبادلے اور ادارہ جاتی تعاون کو آگے بڑھانے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ملاقات
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا علاقائی امن و استحکام کے لیے مسلسل رابطوں، باہمی اعتماد اور قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور…
مزید پڑھیے ←






