, , ,

برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کی جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر کی قیادت میں برطانوی اعلیٰ سطحی وفد کا جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ

راولپنڈی/اسلام آباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) برطانیہ کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر کی قیادت میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز (سی او اے ایس و سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، این آئی (ایم)، ایچ جے سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات 17 نومبر 2026 کو ہوئی۔جی ایچ کیو آمد پر برطانوی معزز مہمان کو پاک فوج کے ایک چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ اور خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فوجی سطح پر تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں اور صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے، باہمی روابط کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دیرینہ تعلقات کو نئی جہت دینے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔

متعلقہ خبریں