,

ٹیکسلا کی طالبہ شبیہ فاطمہ کا قومی سطح پر اعزاز، آل پاکستان سائنس ایگزیبیشن میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی

ٹیکسلا ( نمائندہ نوائے ٹیکسلا )دی سکالرز سائنس سکول اینڈ کالج ٹیکسلا کی گیارہویں جماعت کی ہونہار طالبہ شبیہ فاطمہ نے قومی سطح پر منعقدہ آل پاکستان جنرل سائنس گروپ فزکس ایگزیبیشن میں اپنے منفرد سائنسی پروجیکٹ ’’آئیونک پلازمہ تھرسٹر‘‘ (Ionic Plasma Thruster) کے ذریعے تیسری پوزیشن حاصل کرکے اپنے ادارے، والدین، اساتذہ اور علاقے کے لیے قابلِ فخر اعزاز حاصل کرلیا۔ فیڈرل بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ اس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مقابلے میں ملک بھر کے ممتاز تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے شرکت کرتے ہوئے اپنی سائنسی صلاحیتوں، تخلیقی سوچ اور تحقیقی استعداد کا مظاہرہ کیا۔قومی سطح کے اس مقابلے میں شبیہ فاطمہ نے اپنے جدید سائنسی منصوبے کی بدولت نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ ان کی اس کامیابی کو نہ صرف دی سکالرز سائنس سکول اینڈ کالج بلکہ ٹیکسلا اور واہ کینٹ کے تعلیمی حلقوں کے لیے بھی ایک اہم اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی کامیابی نوجوان نسل میں سائنسی رجحان، تحقیق، تخلیقی صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی سے وابستگی کی ایک قابلِ تحسین مثال ہے۔اس شاندار کامیابی پر ادارے کے ڈائریکٹر چوہدری خالد محبوب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے کے لیے انتہائی مسرت اور فخر کا لمحہ ہے کہ اس کی ایک ہونہار طالبہ نے قومی سطح کے مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا عملی ثبوت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ کے زیر اہتمام آل پاکستان جنرل سائنس گروپ فزکس ایگزیبیشن میں ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے طلبہ کے درمیان تیسری پوزیشن حاصل کرنا یقیناً ایک بڑی کامیابی ہے، جو طالبہ کی محنت، لگن اور سائنسی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔چوہدری خالد محبوب نے کہا کہ اس کامیابی پر سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، جس کے فضل و کرم سے ادارے کی طالبہ نے یہ اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے اس کامیابی کو طالبہ کی مسلسل محنت، اساتذہ کی مخلصانہ رہنمائی اور ادارے کے تعلیمی ماحول کا مشترکہ ثمر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے طلبہ کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے، نئے خیالات پیش کرنے اور عملی تحقیق کی طرف راغب ہونے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے پرنسپل دی سکالرز سائنس سکول اینڈ کالج ٹیکسلا سید موسیٰ رضا بخاری، فوکل پرسن فیڈرل بورڈ احسن، کیمپس ہیڈ ارسلان خان، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ فزکس اور سائنس ایگزیبیشن سپروائزر شاہد محمود سمیت تمام تدریسی و انتظامی عملے کی خدمات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی مسلسل محنت، پیشہ ورانہ رہنمائی اور طالبہ کی بھرپور لگن نے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق، تجربات اور جدید سائنسی منصوبوں پر کام کرنے کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ڈائریکٹر چوہدری خالد محبوب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ مستقبل میں بھی طلبہ و طالبات کو جدید سائنسی علوم، تحقیق، تخلیقی صلاحیتوں اور عملی تجربات کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ نوجوان نسل ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکے۔شبیہ فاطمہ کی یہ کامیابی اس حقیقت کی عکاس ہے کہ معیاری تعلیم، اساتذہ کی مخلصانہ رہنمائی، ادارے کے تعاون اور طلبہ کی محنت و لگن کے امتزاج سے قومی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ ان کی اس کامیابی سے دیگر طلبہ و طالبات کو بھی سائنس، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا۔

متعلقہ خبریں