فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا علاقائی امن و استحکام کے لیے مسلسل رابطوں، باہمی اعتماد اور قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور
راولپنڈی ( نمائندہ نوائے ٹیکسلا )اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی ایرانی وفد نے 16 نومبر کو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز (COAS & CDF) سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور خطے میں بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون کے مختلف ممکنہ راستوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس امر پر زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان اور ایران کے درمیان مسلسل روابط، باہمی اعتماد اور قریبی رابطہ کاری نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایران کی خواہش کا اظہار کیا۔








