,

راولپنڈی پولیس لائنز میں منشیات اور ویپ کے نقصانات سے آگاہی کے لیے سیمینار، طلباء کی بڑی تعداد میں شرکت

راولپنڈی(کرائم رپورٹر ، نوائے ٹیکسلا) پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ویپ اور منشیات کے نقصانات، ان کے انسانی زندگی اور معاشرے پر منفی اثرات اور روک تھام کے حوالے سے ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں جڑواں شہروں کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلباء نے شرکت کی۔ سیمینار کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو ویپ اور منشیات کے استعمال سے پیدا ہونے والے خطرات سے آگاہ کرنا اور انہیں اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے شعور بیدار کرنا تھا۔سیمینار کے دوران ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر حسنین پراچہ سمیت پولیس افسران نے طلباء کو آگاہی لیکچرز دیے اور ویپ و منشیات کے استعمال کے جسمانی، ذہنی اور معاشرتی نقصانات پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایسی نقصان دہ سرگرمیوں سے دور رہیں اور اپنے دوستوں اور ساتھیوں کو بھی ان کے مضر اثرات سے آگاہ کریں۔اس آگاہی مہم کو مؤثر بنانے کے لیے تعلیمی اداروں سمیت شہر کے مختلف مقامات پر بینرز اور پوسٹرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں، جبکہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں آگاہی واکس کا انعقاد بھی کیا گیا تاکہ عوام بالخصوص نوجوانوں تک ویپ اور منشیات کے خلاف پیغام پہنچایا جا سکے۔پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ ویپ اور منشیات نوجوان نسل اور معاشرے کے لیے نقصان دہ ہیں، اس لیے ان کے استعمال، خرید و فروخت اور فروغ کی حوصلہ شکنی کے لیے شہریوں اور طلباء کو پولیس کا ساتھ دینا چاہیے۔ والدین سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں، ان کے دوستوں اور معمولات سے باخبر رہیں اور انہیں منشیات و ویپ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔پولیس حکام نے واضح کیا کہ ویپ کی خرید و فروخت پر پابندی عائد ہے اور اس کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویپ اور منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جا رہی ہے اور اس حوالے سے قانون کے مطابق اقدامات جاری رہیں گے۔پولیس نے شہریوں، والدین، اساتذہ اور تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں تاکہ ایک صحت مند اور محفوظ معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔

متعلقہ خبریں