ٹیکسلا (نوائے ٹیکسلا نیوز) ٹیکسلا اور واہ کینٹ کی تاریخ کے ایک بڑے فیملی فیسٹیول ’’برانڈز فیسٹ 2026‘‘ کے انعقاد کی تیاریاں جاری ہیں، جس میں پانچ ہزار سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ فیسٹیول میں تاریخی ورثے، گندھارا ثقافت، تفریحی پروگراموں، خریداری اور کاروباری سرگرمیوں کو یکجا کرکے شہریوں اور خاندانوں کو ایک منفرد تفریحی ماحول فراہم کیا جائے گا۔اس حوالے سے مارکم سروسز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شہریار احمد گوندل نے ٹیکسلا پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ برانڈز فیسٹ 2026ء کا بنیادی مقصد ٹیکسلا کی تاریخی شناخت، گندھارا تہذیب، ثقافتی ورثے اور مقامی کاروباری سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ ٹیکسلا اور واہ کینٹ کے شہریوں کیلئے تفریح، ثقافت اور کاروبار کے امتزاج کا ایک بڑا موقع ثابت ہوگا۔شہریار احمد گوندل کے مطابق اس میگا ایونٹ کے انعقاد میں گندھارا ٹیکسلا سینٹر آف ڈویلپمنٹس بھی تعاون کر رہا ہے، جس کے اشتراک سے ٹیکسلا کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو نمایاں کرنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ فیسٹیول میں گندھارا تہذیب اور ٹیکسلا کے تاریخی آثار کی نمائش بھی کی جائے گی تاکہ نئی نسل اور دیگر شرکاء کو علاقے کی قدیم تہذیبی شناخت سے روشناس کرایا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ فیسٹیول کے پروگراموں میں قوالی نائٹ، اسکائی لالٹین شو، میجک شو، میوزیکل جمنگ، گوریلا ڈانس پرفارمنس اور انفلوئنرز میٹ اپ شامل ہیں، جبکہ بچوں کیلئے جھولوں اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ خاندانوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی فیملی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔فیسٹیول کو مزید دلچسپ اور رنگا رنگ بنانے کیلئے شاپنگ اسٹالز، فوڈ اسٹالز، نان فوڈ اسٹالز اور وینڈر نمائش بھی منعقد ہوگی۔ اس کے علاوہ اوپن مائیک، ٹیلنٹ ہنٹ، فیملی گیمز، تفریحی مقابلوں، لائیو آرٹ اور خطاطی کے سیشنز کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جن کے ذریعے بچوں، نوجوانوں اور دیگر شرکاء کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔

منتظمین کے مطابق ’’برانڈز فیسٹ 2026ء‘‘ ہفتہ 5 دسمبر کو صبح 10 بجے سے رات 9 بجے تک اسکائی لینڈ فیملی پارک میں منعقد ہوگا۔ اس موقع پر کاروباری شخصیات، مختلف برانڈز، دکانداروں، وینڈرز اور مصنوعات و خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو اسٹالز بک کروانے کی دعوت دی گئی ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ فیسٹیول کاروباری تشہیر، نئی مصنوعات متعارف کرانے اور صارفین سے براہِ راست رابطے کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔شہریار احمد گوندل نے ٹیکسلا پریس کلب کے صحافیوں سے ایونٹ کی بھرپور میڈیا کوریج کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بڑے عوامی پروگراموں کی کامیابی میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صحافی برادری مثبت انداز میں فیسٹیول کی تشہیر اور کامیابی کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔برانڈز فیسٹ 2026ء کو ٹیکسلا میں ثقافتی سرگرمیوں، خاندانی تفریح اور کاروباری مواقع کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس ایونٹ سے شہریوں کو تفریح کے مواقع فراہم ہونے کے ساتھ مقامی کاروبار، برانڈز اور ٹیکسلا کی تاریخی و ثقافتی شناخت کو بھی وسیع سطح پر متعارف کرانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔








