ڈھرنال (نوائے ٹیکسلا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی خصوصی کاوشوں سے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈھرنال میں طالبات کیلئے جدید تعلیمی، بنیادی اور سہولتی منصوبوں کی تکمیل کے بعد افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جہاں کمپیوٹر لیب، امتحانی ہال، سولر سسٹم، واٹر فلٹریشن پلانٹ، فرنیچر اور دیگر سہولیات کا باقاعدہ افتتاح گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کیا۔یہ منصوبے گورنر پنجاب کی خصوصی دلچسپی، سردار فیضان حیدر خان کی نگرانی و محنت اور فلاحی ادارے The Church of Jesus Christ کے تعاون سے مکمل کیے گئے، جبکہ گورنر پنجاب کے کوآرڈینیٹر مدثر نواز ملک کی سرپرستی میں بھی منصوبوں کی تکمیل کیلئے اقدامات کیے گئے۔افتتاحی تقریب کے موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی جانب سے سکول کیلئے ایک ایئرکنڈیشنر اور 16 پنکھے بطور خصوصی تحفہ فراہم کیے گئے، تاکہ طالبات کو بہتر اور آرام دہ تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔سکول میں 40×60 فٹ کا نیا امتحانی ہال تعمیر کیا گیا، جسے 100 نئی کرسیوں سمیت ضروری فرنیچر سے آراستہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ طالبات کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے اور کمپیوٹر تعلیم کے فروغ کیلئے مکمل کمپیوٹر لیب قائم کی گئی، جس میں 16 جدید کمپیوٹر سسٹم فراہم کیے گئے ہیں۔

بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے 10 کے وی اے سولر سسٹم نصب کیا گیا، جبکہ سکول اور علاقے کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے نئی بورنگ اور واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی مکمل کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت دو واٹر کولرز، ان کیلئے کمرہ اور واٹر ٹینک بھی تعمیر و فراہم کیے گئے، جبکہ سکول کے تمام واش رومز کی مکمل مرمت اور تزئین و آرائش بھی کی گئی۔واٹر فلٹریشن پلانٹ کی فراہمی سے سکول کی طالبات، اساتذہ اور ڈھرنال گاؤں کے مقامی شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی سہولت میسر آئے گی، جسے علاقے کیلئے ایک اہم فلاحی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ان منصوبوں کا مقصد طالبات کو معیاری تعلیم کیلئے بہتر ماحول فراہم کرنا، جدید تعلیمی سہولیات تک رسائی بڑھانا، بجلی کی قلت کے مسائل میں کمی لانا اور بنیادی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ اہل علاقہ نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، مدثر نواز ملک، سردار فیضان حیدر خان اور تعاون کرنے والے فلاحی ادارے The Church of Jesus Christ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔








