چکوال (نوائے ٹیکسلا نیوز) پنجاب میں ایڈونچر ٹورازم کے فروغ اور صوبے کے قدرتی حسن کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ٹی ڈی سی پی (TDCP) کی پہلی وزیراعلیٰ پنجاب پیراگلائیڈنگ چیمپئن شپ 2026ء کا انعقاد دلجبہ، چکوال میں کیا جا رہا ہے، جس میں ملکی اور بین الاقوامی پیراگلائیڈرز حصہ لے رہے ہیں۔25 سے 29 نومبر تک جاری رہنے والی اس چیمپئن شپ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، سیکرٹری ٹی اے ایم سقراط امان رانا اور منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا (پی اے ایس) کی شرکت نے ایونٹ کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔چیمپئن شپ میں قومی اور بین الاقوامی پیراگلائیڈرز اپنی مہارتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جبکہ دلجبہ، چکوال کے قدرتی مناظر، پہاڑی سلسلے اور فضائی کھیلوں کیلئے موزوں ماحول سیاحوں اور ایڈونچر کے شوقین افراد کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

اس ایونٹ کا بنیادی مقصد پنجاب کے قدرتی مقامات کو ایڈونچر ٹورازم کے عالمی نقشے پر نمایاں کرنا، فضائی کھیلوں کو فروغ دینا، ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو صوبے کی جانب راغب کرنا اور سیاحت کے شعبے میں نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔چیمپئن شپ کے ذریعے پنجاب کے قدرتی حسن، جغرافیائی تنوع اور سیاحتی امکانات کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے،

جبکہ ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت پاکستان میں ایڈونچر اسپورٹس اور سیاحت کے فروغ کیلئے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق پنجاب اپنے تاریخی ورثے، قدرتی مناظر، ثقافتی تنوع اور ایڈونچر سرگرمیوں کے باعث سیاحت کے شعبے میں وسیع امکانات رکھتا ہے، اور اس نوعیت کے بین الاقوامی ایونٹس صوبے کو ایک نمایاں سیاحتی منزل بنانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔








