واہ کینٹ ،ٹیکسلا ، حسن ابدال (نمائندگان /نوائے ٹیکسلا ) سرسید ایجوکیشن سوسائٹی پاکستان کے صدر طاہر محمود درانی کی صاحبزادی کی رخصتی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں علاقے کی ممتاز تعلیمی، طبی، سماجی اور سیاسی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین نے شرکت کرکے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کی اور نوبیاہتا جوڑے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر حاجی ملک عمر فاروق، صدر پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشن واہ کینٹ، ٹیکسلا و حسن ابدال چیپٹر ڈاکٹر سید اسد علی، سرپرست اعلیٰ پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشن واہ کینٹ، ٹیکسلا و حسن ابدال چیپٹر ڈاکٹر شاہد نواز ملک، پیپلز پارٹی کے رہنما سردار اشعر حیات خان، معروف ماہر تعلیم اور آر یو جے شمالی پنجاب کے صدر عطاءالرحمٰن چوہدری، پازیٹیو سلوشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عتیق رضا اور سرسید ایجوکیشن سوسائٹی پاکستان کے پروجیکٹ ڈائریکٹر قاضی ظہورالحق، خواجہ وقار سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں آمد پر مہمانوں کا میزبان خاندان کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ شرکاء نے طاہر محمود درانی اور ان کے اہل خانہ کو خوشی کے اس موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نوبیاہتا جوڑے کیلئے خوشگوار، کامیاب اور محبت و احترام سے بھرپور ازدواجی زندگی کی دعائیں کیں۔تقریب خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی، جہاں عزیز و اقارب، دوست احباب اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے باہمی ملاقاتوں کے ذریعے خوشی کے لمحات کو یادگار بنایا۔ شرکاء نے اس موقع پر خاندانی خوشیوں میں شریک ہونے اور سماجی روابط و تعلقات کو مضبوط بنانے کے جذبے کا اظہار کیا۔








