ٹیکسلا ( نمائندہ نوائے ٹیکسلا )پاکستان میں عالمی ثقافتی ورثے کے مقامات کے تحفظ اور انتظامی امور سے متعلق استعداد کار بڑھانے کے تربیتی پروگرام کے شرکا نے پروگرام کے تیسرے روز ٹیکسلا کے تاریخی و عالمی ورثے کے مقامات کا مطالعاتی دورہ کیا، جہاں انہوں نے گندھارا تہذیب کے عظیم آثار، قدیم طرزِ تعمیر اور تاریخی نوادرات کا مشاہدہ کیا اور ان کے تحفظ و انتظام کے عملی پہلوؤں سے آگاہی حاصل کی۔یہ تربیتی پروگرام کوریا ہیریٹیج ایجنسی (KHA) نے محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر، اسلام آباد (DOAM) کے اشتراک سے منعقد کیا ہے۔ پروگرام میں پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی (PWCA) کے نمائندے کی حیثیت سے شاہدرہ کمپلیکس کے کیوریٹر نے بھی شرکت کی اور اپنے محکمے کی نمائندگی کی۔دورے کے دوران شرکا نے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل جولیاں خانقاہ، قدیم شہر سرکپ اور ٹیکسلا میوزیم کا تفصیلی جائزہ لیا۔ جولیاں خانقاہ کے قدیم اسٹوپوں اور بدھ مت کے تاریخی آثار، سرکپ شہر کی منصوبہ بندی اور قدیم گلیوں، جبکہ ٹیکسلا میوزیم میں محفوظ گندھارا تہذیب کے نادر اور قیمتی نوادرات نے شرکا کو اس خطے کے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی ورثے کی عظمت سے روشناس کرایا۔کوریا ہیریٹیج ایجنسی اور محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر کے ماہرینِ آثارِ قدیمہ اور تحفظِ ورثہ بھی دورے میں شرکا کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے تاریخی مقامات کے تحفظ، دستاویز بندی، زائرین کے انتظام، قدیم آثار کی حفاظت اور پائیدار کنزرویشن کے طریقہ کار پر تفصیلی رہنمائی فراہم کی۔ ماہرین کی عملی بریفنگ سے شرکا کو کلاس روم میں حاصل کردہ علمی معلومات کو حقیقی تاریخی مقامات پر سمجھنے اور ان کا جائزہ لینے کا موقع ملا۔ٹیکسلا کو 1980ء میں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ یہ تاریخی خطہ گندھارا تہذیب کا ایک نمایاں مرکز ہے، جہاں قدیم تاریخ، مذہب، فنونِ لطیفہ اور شہری منصوبہ بندی کے آثار آج بھی موجود ہیں۔ ٹیکسلا کے تاریخی مقامات کا دورہ شرکا کے لیے اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل رہا کہ انہیں عالمی ورثے کے تحفظ کے عملی تقاضوں اور انتظامی چیلنجز کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا۔شاہدرہ کمپلیکس کے کیوریٹر نے اس مطالعاتی دورے کو ایک اہم علمی و عملی تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں حاصل ہونے والی معلومات اور ماہرین کی رہنمائی کو پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی کے زیرِ انتظام شاہدرہ کمپلیکس اور دیگر تاریخی مقامات کے بہتر تحفظ، انتظام اور دیکھ بھال کے لیے بروئے کار لانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کوریا ہیریٹیج ایجنسی اور محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر کا اس تربیتی موقع کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے پروگرام پاکستان کے تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور بین الاقوامی تجربات سے استفادے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔








