ڈی پی او اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق کا گوردوارہ پنجہ صاحب اور بابا ولی قندھاری کے مقام کا دورہ، یاتریوں کی آمد سے قبل تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت
حسن ابدال (نمائندہ نوائے ٹیکسلا) بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں اٹک پولیس نے سکھ یاتریوں کی حفاظت اور تقریبات کے پُرامن انعقاد کے لیے سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے کی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ڈی پی او اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق نے گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال اور پہاڑی پر واقع تاریخی مقام بابا ولی قندھاری کا دورہ کیا اور وہاں کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈی پی او اٹک نے متعلقہ مقامات پر سکیورٹی کی صورتحال، انتظامی تیاریوں اور سکھ یاتریوں کی آمد کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ پولیس افسران سے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور انہیں ضروری ہدایات جاری کیں تاکہ مذہبی تقریبات کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور یاتریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے تمام تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

اس موقع پر ڈی پی او اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق نے ہدایت کی کہ سکھ یاتریوں کی آمد سے قبل تمام سکیورٹی اور انتظامی انتظامات ہر لحاظ سے مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یاتریوں کی حفاظت اور مذہبی تقریبات کا پُرامن انعقاد پولیس کی اہم ذمہ داری ہے، جس کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈی پی او اٹک نے کہا کہ اٹک پولیس سکھ یاتریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور تقریبات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے متحرک ہے۔ اس مقصد کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے ساتھ متعلقہ افسران کو اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اٹک پولیس کے ترجمان کے مطابق بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے موقع پر سکھ یاتریوں کی حفاظت اور مذہبی رسومات کی پُرامن ادائیگی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔








