, , ,

گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں بھارتی سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال، بہترین مہمان نوازی کے انتظامات

حسن ابدال ( نمائندہ نوائے ٹیکسلا )بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے بعد بھارتی سکھ یاتری گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچ گئے، جہاں ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ (ای ٹی پی بی) اور ضلعی انتظامیہ اٹک کے حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے قیام اور سہولیات کے لیے کیے گئے انتظامات سے آگاہ کیا گیا۔چیئرمین ای ٹی پی بی قمر الزمان کی ہدایات پر سکھ یاتریوں کی آمد کے پیش نظر جامع انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں رہائش، لنگر، کھانے پینے، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی شامل ہے۔

بورڈ کی جانب سے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں کہ مذہبی رسومات کی ادائیگی اور قیام کے دوران یاتریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔سیکرٹری ای ٹی پی بی ناصر مشتاق تمام انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں تاکہ مہمان سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات اور مہمان نوازی فراہم کی جا سکے۔ ای ٹی پی بی اور ضلعی انتظامیہ اٹک باہمی تعاون سے یاتریوں کی ضروریات اور سہولتوں کا خیال رکھ رہے ہیں۔

دورے کے دوران بھارتی سکھ یاتریوں نے پرتپاک استقبال، بہترین مہمان نوازی، محبت اور عزت و احترام پر حکومتِ پاکستان اور ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ کا دلی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آمد کے موقع پر انہیں جس محبت اور خلوص سے خوش آمدید کہا گیا، وہ ان کے لیے خوشگوار تجربہ ہے۔پاکستان میں سکھ مذہبی یاتریوں کی آمد اور ان کے لیے کیے جانے والے انتظامات بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان احترام و بھائی چارے کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔ گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں یاتریوں کی میزبانی اسی روایت کا مظہر ہے۔

متعلقہ خبریں