پشاور( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) الخدمت فاؤنڈیشن نے مستحق اور یتیم بچیوں کی شادی کے موقع پر ان کی عملی معاونت کے سلسلے میں پشاور میں 40 بچیوں میں بنیادی اشیائے ضرورت پر مشتمل شادی گفٹ باکسز تقسیم کیے۔ اس اقدام کا مقصد ضرورت مند خاندانوں کے مالی بوجھ کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ بچیوں کو نئی زندگی کے آغاز پر ضروری گھریلو سامان فراہم کرنا ہے۔اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور مستحق بچیوں میں شادی گفٹ باکسز تقسیم کیے۔ گفٹ باکسز میں شادی کے جوڑے کے علاوہ واشنگ مشین، پنکھا، استری، ہاٹ پاٹ، پریشر ککر اور ڈنر سیٹ سمیت روزمرہ استعمال کی اہم گھریلو اشیاء شامل تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن مستحق اور یتیم بچیوں کی شادی میں معاونت کو اپنی سماجی و فلاحی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ ایسے اقدامات کا مقصد ان بچیوں اور ان کے خاندانوں کو خوشیوں کے اس اہم موقع پر سہارا فراہم کرنا اور ان کی ضروریات پوری کرنے میں ممکنہ تعاون کرنا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ الخدمت فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت، یتیموں کی کفالت اور ضرورت مند خاندانوں کی معاونت کے لیے اپنی فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ شادی گفٹ باکسز کی فراہمی اسی جذبۂ خدمت کی ایک عملی مثال ہے، جس کے ذریعے مستحق بچیوں کو نئی زندگی کے آغاز میں ضروری گھریلو سامان فراہم کیا گیا۔الخدمت فاؤنڈیشن کی اس کاوش کو مستحق خاندانوں کے لیے ایک قابلِ قدر فلاحی اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف شادی کے اخراجات میں کچھ کمی لانے میں مدد ملتی ہے بلکہ بچیوں کو باوقار انداز میں نئی زندگی شروع کرنے کا حوصلہ بھی ملتا ہے۔








