اسلام آباد( سٹاف رپورٹر ) وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن رضا نقوی نے وزیر مملکت طلال چوہدری اور اعلیٰ سرکاری حکام کے ہمراہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کا دورہ کیا، جہاں اسلام آباد کو جدید، محفوظ، اسمارٹ اور پائیدار دارالحکومت بنانے کے لیے حکومتی اداروں اور تعلیمی و تحقیقی شعبے کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔نسٹ کے ریکٹر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے وفاقی وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا اور انہیں یونیورسٹی کے پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) سے ہم آہنگ تعلیمی و تحقیقی نظام، جدید تحقیقی سہولیات اور مختلف شعبوں میں جاری سائنسی و تکنیکی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔دورے کے دوران وفاقی وزیر محسن رضا نقوی نے اسلام آباد میں سموگ کی وجوہات جاننے اور اس کے تدارک کے لیے قابلِ عمل حکمت عملی مرتب کرنے کی غرض سے سائنسی تحقیق کے لیے نسٹ کو 5 کروڑ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا۔ اس اقدام کا مقصد سموگ کے اسباب کا سائنسی بنیادوں پر جائزہ لینا اور تحقیق کے نتائج کی روشنی میں آلودگی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات تجویز کرنا ہے۔اجلاس میں اسلام آباد کو جدید شہری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال، سائبر سکیورٹی کے نظام کو مضبوط بنانے اور اسمارٹ ٹریفک مینجمنٹ جیسے اہم شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر بھی گفتگو کی کہ جدید ٹیکنالوجی اور تحقیقی مہارتوں کو بروئے کار لا کر شہری انتظامی مسائل کے حل، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کی جا سکتی ہے۔مذاکرات میں گندے پانی کی صفائی اور دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کے نظام، راول جھیل کی بحالی اور تحفظ، جبکہ پائیدار شہری ترقی کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔ اس سلسلے میں نسٹ کی تحقیقی صلاحیتوں اور حکومتی اداروں کے عملی تجربے کو یکجا کرکے اسلام آباد کو درپیش ماحولیاتی اور شہری مسائل کے حل کے لیے تعاون بڑھانے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔وفاقی وزیر اور نسٹ انتظامیہ کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تحقیق، جدت اور جدید ٹیکنالوجی کو شہری ترقی کے منصوبوں کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ اسلام آباد کو ایک محفوظ، ماحول دوست اور پائیدار دارالحکومت بنانے کے لیے درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔یہ دورہ حکومتی اداروں اور جامعات کے درمیان تحقیقی و تکنیکی شراکت داری کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کے تحت سموگ، ماحولیاتی آلودگی، ٹریفک، پانی کے انتظام اور شہری تحفظ جیسے اہم مسائل کے حل کے لیے سائنسی تحقیق سے استفادہ کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

کمیونٹی ہال ٹیکسلا کی بحالی اور تزئین و آرائش کا فیصلہ، جلد فعال کرنے کی یقین دہانی
ٹیکسلا( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) چیف آفیسر بلدیہ ٹیکسلا حسیب صدیقی نے ایم او آئی حسنات خان کے ہمراہ کوآرڈینیٹر پی پی 12 بابو…
مزید پڑھیے ←






