,

خانپور :یونیسیف پاکستان کے تعاون سے ایک ماہ کی خصوصی مہم مکمل، سینیٹری ورکرز کو خراجِ تحسین

خانپور( نمائندہ نوائے ٹیکسلا) سوشل موبلائزیشن یونٹس کے زیرِ اہتمام اور یونیسیف پاکستان کے تعاون سے سینیٹیشن اَپ اسکیلنگ فیز ٹو کے تحت جاری ایک ماہ کی خصوصی صفائی اور سماجی و رویوں میں تبدیلی کی آگاہی مہم (SBC) اختتام پذیر ہوگئی۔ اس سلسلے میں منعقدہ اختتامی تقریب میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) خانپور سمیت مختلف سرکاری اداروں کی خدمات اور کاوشوں کو سراہا گیا۔تقریب کا بنیادی مقصد صفائی ستھرائی کے فروغ، صحت مند ماحول کی اہمیت اجاگر کرنے اور عوام میں صفائی سے متعلق ذمہ دارانہ رویوں کو فروغ دینے کے لیے مختلف اداروں کی مشترکہ کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والی اس خصوصی مہم کے دوران صفائی کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کرنے اور معاشرے میں صاف ستھرے ماحول کی اہمیت اجاگر کرنے پر توجہ دی گئی۔اختتامی تقریب میں سینیٹری ورکرز کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا گیا، جن کی محنت اور مسلسل کوششوں کے باعث شہروں اور آبادیوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ تقریب میں اس امر پر زور دیا گیا کہ صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ ساتھ شہریوں کا تعاون اور ذمہ دارانہ کردار بھی ناگزیر ہے۔تقریب کی ایک نمایاں اور قابلِ تحسین روایت یہ رہی کہ روایتی اعزازی شیلڈز کے بجائے پودے بطور تحفہ پیش کیے گئے۔ اس منفرد اقدام کے ذریعے شجرکاری، ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز ماحول کے فروغ کا عملی پیغام دیا گیا، جو اس تقریب کے بنیادی مقصد سے بھی ہم آہنگ تھا۔اس موقع پر ٹی ایم اے خانپور کی صفائی ستھرائی کے فروغ اور عوامی آگاہی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔ ٹی ایم اے خانپور نے صاف ستھرا، صحت مند اور سرسبز ماحول قائم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب کے اختتام پر اس امید کا اظہار کیا گیا کہ سرکاری اداروں، سماجی تنظیموں اور شہریوں کے باہمی تعاون سے صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا اور صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے کی کوششوں کو مستقل بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں