اٹک ( نمائندہ نوائے ٹیکسلا )رکن قومی اسمبلی اور اٹک کے سینئر سیاستدان شیخ آفتاب احمد بھی صاحبِ کتاب بن گئے ہیں۔ ان کی یادداشتوں پر مشتمل خودنوشت ’’پارلیمنٹ سے اٹک قلعے تک‘‘ منظرِ عام پر آچکی ہے، جس میں ان کے سیاسی و پارلیمانی سفر کی یادیں اور تجربات قلم بند کیے گئے ہیں۔شیخ آفتاب احمد اس سے قبل اپنی یادداشتوں پر مشتمل یہ کتاب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو بھی پیش کر چکے ہیں۔ گزشتہ روز مذکورہ کتاب اٹک کتاب میلے کی زینت بنی، جہاں شرکاء اور کتاب سے دلچسپی رکھنے والے افراد کی توجہ کا مرکز رہی۔ تاہم کتاب کے مطالعے سے قبل ہی اس کے حوالے سے مختلف تبصرے بھی سامنے آنے لگے۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد نے شاہد اعوان کو اپنی خودنوشت ’’پارلیمنٹ سے اٹک قلعے تک‘‘ پیش کی۔ کتاب میلے میں اعلان کیا گیا کہ تقریب میں آنے والے تمام احباب کو یہ کتاب مفت فراہم کی جائے گی۔ اس اعلان کے بعد شرکاء میں کتاب کی طلب اس قدر بڑھ گئی کہ چند ہی منٹوں میں دستیاب اسٹاک ختم ہوگیا۔شاہد اعوان نے کتاب موصول ہونے پر کہا کہ وہ اس کا تفصیلی مطالعہ کرنے کے بعد اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی کتاب کے بارے میں تبصرہ کرنے سے پہلے اس کا مطالعہ ضروری ہے، تاکہ رائے مستند اور کتاب کے اصل مواد کی بنیاد پر قائم کی جا سکے۔انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ دیگر سیاستدانوں کو بھی اپنی سیاسی، سماجی اور پارلیمانی یادداشتیں مرتب کرنی چاہئیں، کیونکہ ان کے تجربات اور مشاہدات آنے والی نسلوں کے لیے اہم تاریخی دستاویز ثابت ہو سکتے ہیں اور اہلِ علم کے معلوماتی ذخیرے میں اضافہ کر سکتے ہیں۔شیخ آفتاب احمد کی خودنوشت کی اٹک کتاب میلے میں آمد کو مقامی ادبی و علمی حلقوں کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ سیاسی شخصیات کی خودنوشتیں نہ صرف ان کے ذاتی و سیاسی سفر کو محفوظ کرتی ہیں بلکہ ملکی سیاست، پارلیمانی روایات اور مختلف ادوار کے حالات کو سمجھنے کے لیے بھی ایک اہم ذریعہ بن سکتی ہیں۔

کمیونٹی ہال ٹیکسلا کی بحالی اور تزئین و آرائش کا فیصلہ، جلد فعال کرنے کی یقین دہانی
ٹیکسلا( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) چیف آفیسر بلدیہ ٹیکسلا حسیب صدیقی نے ایم او آئی حسنات خان کے ہمراہ کوآرڈینیٹر پی پی 12 بابو…
مزید پڑھیے ←






