,

ڈینٹل پروفیشنلز کو ذہنی دباؤ اور پیشہ ورانہ تھکن سے بچانے کے لیے یونیورسٹی آف واہ میں خصوصی ورکشاپ

واہ کینٹ ( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) یونیورسٹی آف واہ کے UW-PRIME ویلنس سینٹر نے شعبہ نفسیات کے اشتراک سے ڈینٹل پروفیشنلز کو پیشہ ورانہ ذہنی دباؤ، تھکن اور برن آؤٹ سے بچاؤ کے حوالے سے ایک خصوصی اور انٹرایکٹو ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ’’دی ریزیلینٹ ڈاکٹرز: ذہنی دباؤ کا انتظام، مریضوں سے مؤثر رابطہ اور پیشہ ورانہ تھکن سے بچاؤ‘‘ کے عنوان سے یہ ورکشاپ ڈینٹل کالج، ہائٹیک-آئی ایم ایس میں کمیونٹی مینٹل ہیلتھ آگاہی منصوبے کے تحت منعقد ہوئی۔ورکشاپ کا انعقاد فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین اور PRIME ویلنس سینٹر کے چیف کلینیکل سائیکالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد رضوان کی نگرانی میں کیا گیا۔ سیشن کی معاونت کلینیکل سائیکالوجسٹ اور پی ایچ ڈی اسکالر مس حبیبہ شاہین نے کی، جبکہ ایم ایس اسکالرز مس حفصہ سحر، مس عائشہ نور اور مس قرۃ العین نے بھی ورکشاپ میں سہولت کاری کے فرائض انجام دیے۔اس تربیتی نشست کی میزبانی ڈینٹل کالج ہائٹیک-آئی ایم ایس کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عرفان شاہ اور مس سارہ نے کی۔ ورکشاپ میں ڈینٹل پروفیشنلز کو درپیش پیشہ ورانہ دباؤ، ذہنی تھکن اور کام کے دوران پیدا ہونے والے نفسیاتی چیلنجز پر توجہ مرکوز کی گئی۔ورکشاپ کے دوران شرکاء کو ذہنی دباؤ پر قابو پانے کی عملی تکنیکوں، جذباتی نظم و ضبط اور مریضوں کے ساتھ مؤثر اور مثبت رابطے کے طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر انٹرایکٹو گفتگو اور عملی تبادلہ خیال کے ذریعے شرکاء کو کام کی جگہ پر پیش آنے والے مشکل حالات سے نمٹنے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ذہنی مضبوطی کو فروغ دینے اور اپنی نفسیاتی صحت برقرار رکھنے کے حوالے سے مفید رہنمائی فراہم کی گئی۔مقررین نے اس امر پر توجہ دلائی کہ صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کو مسلسل پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور مریضوں کے ساتھ براہ راست رابطے کے باعث ذہنی دباؤ اور تھکن جیسے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے، اس لیے ان کی ذہنی صحت اور نفسیاتی بہبود کے لیے مؤثر حکمت عملیوں اور معاون ماحول کی فراہمی اہم ہے۔ورکشاپ کے میزبانوں اور شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے UW-PRIME ویلنس سینٹر اور شعبہ نفسیات یونیورسٹی آف واہ کی جانب سے ذہنی صحت کے شعور کو فروغ دینے اور طبی شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد کی نفسیاتی بہبود کے لیے کی جانے والی کوششوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔

متعلقہ خبریں