, ,

ننھے کھلاڑی کو ماہر شطرنج کھلاڑیوں کو شکست دیتے دیکھ کر خوشی ہوئی، آئی جی اسلام آباد

اسلام آباد ( نمائندہ نوائے ٹیکسلا )انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے کوئٹہ، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 8 سالہ دوسری جماعت کے طالب علم اور شطرنج کے ننھے کھلاڑی عبدالرحمٰن سے ملاقات کی اور اس کی غیر معمولی ذہانت، صلاحیتوں اور کھیل میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے بھرپور حوصلہ افزائی کی۔آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے ننھے عبدالرحمٰن کی شطرنج کے کھیل میں مہارت اور غیر معمولی صلاحیتوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ آٹھ سالہ عبدالرحمٰن انتہائی ذہین اور قابل بچہ ہے۔ ایسے ننھے اور باصلاحیت بچوں سے ملاقات میرے لیے باعثِ مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود عبدالرحمٰن کو شطرنج کھیلتے اور ماہر کھلاڑیوں کو شکست دیتے ہوئے دیکھا، جو اس کی غیر معمولی صلاحیتوں اور ذہانت کا واضح مظہر ہے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اس ننھے کھلاڑی کی حوصلہ افزائی، سرپرستی اور معاونت کے لیے ہر ممکن عملی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عبدالرحمٰن کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے باقاعدہ شطرنج کوچنگ اور مالی معاونت کا انتظام کیا جائے گا تاکہ اسے اپنی مہارتوں کو بہتر بنانے اور مستقبل میں اعلیٰ سطح کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے مناسب مواقع میسر آسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان شطرنج فیڈریشن، متعلقہ تنظیموں اور دیگر فورمز کے ذریعے ننھے عبدالرحمٰن کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور اسے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ باصلاحیت بچوں کی بروقت شناخت، حوصلہ افزائی اور سرپرستی ان کے مستقبل کو سنوارنے اور ملک کے لیے قابل فخر اثاثہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے اس امید کا اظہار کیا کہ ننھا عبدالرحمٰن اپنی محنت، لگن اور صلاحیتوں کے بل بوتے پر مستقبل میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرے گا اور اپنے والدین سمیت ملک و قوم کا نام روشن کرے گا۔انہوں نے ڈی آئی جی سکیورٹی رانا عمر فاروق کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ان بچوں کی صلاحیتوں کو پہچاننے، انہیں متعارف کرانے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ملاقات کے اختتام پر آئی جی اسلام آباد نے ننھے شطرنج کے کھلاڑی عبدالرحمٰن اور دیگر بچوں کو تحائف پیش کیے اور انہیں نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔ اس موقع پر بچوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں کو مستقبل میں مزید نکھارنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

اسسٹنٹ کمشنر ٹیکسلا ڈاکٹر محمد انس سعید کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقات، مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی

November 19, 2026 | Dr Syed Sabir Ali

ٹیکسلا( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر عوامی مسائل کے فوری…

مزید پڑھیے ←