,

فٹبال کے فروغ کے لیے ایچ آئی ٹی فٹبال کلب کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، سید حسن علی طاہر

ٹیکسلا( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) میں ایچ آئی ٹی فٹبال کلب کے زیرِ اہتمام شاندار فٹبال ٹورنامنٹ ’’ایچ آئی ٹی چیلنج کپ‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف فٹبال کلبوں اور ٹیموں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ٹورنامنٹ کے موقع پر فٹبال کے شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی، کھیل کے جذبے اور مہارت کو بھرپور داد دی۔ٹیکسلا پریس کلب کے صدر سید حسن علی طاہر نے ٹورنامنٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ فٹبال گراؤنڈ پہنچنے پر دونوں مقابلہ کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں اور ٹورنامنٹ کے منتظمین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے ان کی آمد کا خیرمقدم کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی سید حسن علی طاہر نے کہا کہ کھیل نوجوان نسل کی جسمانی صحت، ذہنی نشوونما، نظم و ضبط اور مثبت سماجی رویوں کو پروان چڑھانے میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ کھیلوں کے میدان صحت مند، متحرک اور باصلاحیت افراد کی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ فٹبال سمیت دیگر کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرکے انہیں منفی معاشرتی رجحانات سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔انہوں نے ایچ آئی ٹی فٹبال کلب کی جانب سے ایچ آئی ٹی چیلنج کپ کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیکسلا میں فٹبال کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے کلب کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ ایسے کھیلوں کے مقابلے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرتے ہیں اور کھیلوں کے مثبت ماحول کو فروغ دیتے ہیں۔سید حسن علی طاہر نے کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات اور مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار کر اعلیٰ سطح کے مقابلوں میں حصہ لے سکیں اور ٹیکسلا کا نام روشن کریں۔ٹورنامنٹ میں فٹبال کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کھلاڑیوں کی شاندار مہارت، بہترین کھیل، مقابلے کے جذبے اور عمدہ کارکردگی پر بھرپور تالیاں بجا کر انہیں داد دی۔ ایچ آئی ٹی چیلنج کپ فٹبال کے شائقین کے لیے ایک یادگار اور دلچسپ کھیلوں کی تقریب ثابت ہوا۔

متعلقہ خبریں

اسسٹنٹ کمشنر ٹیکسلا ڈاکٹر محمد انس سعید کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقات، مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی

November 19, 2026 | Dr Syed Sabir Ali

ٹیکسلا( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر عوامی مسائل کے فوری…

مزید پڑھیے ←