سیالکوٹ (کرائم رپورٹر ) سیالکوٹ کے محلہ جوہدپور میں پلاٹوں تک جانے والے راستے مبینہ طور پر بند کرنے، ملکیتی اراضی پر قبضے کی کوشش اور مالکان کو ہراساں کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں متاثرہ اوورسیز پاکستانی سراج خان اور ان کے اہلِ خانہ نے ایک مقامی پراپرٹی ڈیلر پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے حکام سے انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔متاثرین کے مطابق سراج خان کا دس مرلہ پلاٹ جبکہ ان کی بیوہ ساس اور بیوہ سالی کے پانچ پانچ مرلہ پلاٹ محلہ جوہدپور میں واقع ہیں اور یہ اراضی گزشتہ تقریباً پندرہ سال سے ان کی ملکیت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب وہ اپنے پلاٹوں پر تعمیرات شروع کرنے اور موقع پر پہنچے تو انہیں مبینہ طور پر راستوں کی بندش، مزاحمت، ہراسانی اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ان کی ملکیتی اراضی تک رسائی میں بھی رکاوٹیں پیدا کی گئیں۔متاثرہ خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ محمد اصغر عرف اچھو مبینہ طور پر پہلے شہریوں کے ملکیتی پلاٹوں تک جانے والے راستے بند کرنے اور انہیں مختلف طریقوں سے پریشان کرنے کی کوشش کرتا ہے، جس کے بعد اراضی پر قبضے یا مالکان کو دباؤ میں لانے کا معاملہ سامنے آتا ہے۔ متاثرین کے مطابق ان کے ساتھ بھی اسی نوعیت کی صورتحال پیش آئی، جس کے باعث وہ اپنی قانونی ملکیت پر تعمیراتی کام شروع کرنے سے مشکلات کا شکار ہیں۔متاثرین نے مزید الزام عائد کیا کہ انہیں مبینہ طور پر 50 لاکھ روپے ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور رقم نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج بھگتنے، جان سے مارنے اور لاشیں گرانے جیسی دھمکیاں دی گئیں۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ان دھمکیوں کے باعث وہ شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں اور انہیں اپنی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے خدشات لاحق ہیں، جبکہ بیوہ خواتین بھی اس صورتحال سے متاثر ہو رہی ہیں۔متاثرین کے مطابق اس معاملے پر پولیس اور متعلقہ حکام کو اب تک تقریباً بارہ مرتبہ تحریری درخواستیں دی جا چکی ہیں، جن میں پلاٹوں کے راستے کھلوانے، مبینہ قبضے کی کوشش روکنے، دھمکیوں کا نوٹس لینے اور قانونی تحفظ فراہم کرنے کی استدعا کی گئی، تاہم ان کے بقول تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں آئی اور انہیں انصاف کے حصول کے لیے مسلسل مختلف دفاتر کے چکر لگانا پڑ رہے ہیں۔متاثرہ خاندان نے شکوہ کیا کہ اگر ایک اوورسیز پاکستانی اور بیوہ خواتین اپنی قانونی ملکیت کے تحفظ، راستوں کی بحالی اور جان و مال کی حفاظت کے لیے متعدد مرتبہ متعلقہ اداروں سے رجوع کرنے کے باوجود شنوائی سے محروم رہیں تو عام شہریوں کے لیے انصاف کے حصول کی صورتحال کیا ہوگی؟ ان کا کہنا ہے کہ ملکیتی دستاویزات اور قانونی حق کے باوجود انہیں اپنے پلاٹوں پر تعمیرات کرنے اور وہاں جانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔متاثرین نے اس امر کی بھی نشاندہی کی کہ سیالکوٹ کا یہ علاقہ وفاقی وزیر خواجہ آصف کے آبائی انتخابی حلقے سے تعلق رکھتا ہے، جہاں سے وہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوتے ہیں، لہٰذا انہوں نے حکومتی اور عوامی نمائندوں کی توجہ بھی اس معاملے کی جانب مبذول کرانے کی کوشش کی ہے۔متاثرہ اوورسیز پاکستانی سراج خان، ان کی بیوہ ساس اور بیوہ سالی نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، مبینہ طور پر بند کیے گئے راستے کھلوائے جائیں، ملکیتی اراضی پر قبضے کی کوششوں کو روکا جائے، دھمکیوں کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنی قانونی ملکیت سے استفادہ کرسکیں اور انصاف کے حصول میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔متاثرین نے امید ظاہر کی ہے کہ اعلیٰ حکام کی مداخلت سے ان کی درخواستوں پر میرٹ کے مطابق کارروائی ہوگی اور انہیں اپنی ملکیتی اراضی، جان و مال کے تحفظ اور قانونی حقوق کے حوالے سے انصاف فراہم کیا جائے گا۔مذکورہ الزامات کی تحقیقات ہونا ضروری ہیں ، فریق دوئم کو موقف نہ مل سکا انکا جو بھ موقف ہوگا اے بھی نیوز میں شامل کیا جائے گا

ننھے کھلاڑی کو ماہر شطرنج کھلاڑیوں کو شکست دیتے دیکھ کر خوشی ہوئی، آئی جی اسلام آباد
اسلام آباد ( نمائندہ نوائے ٹیکسلا )انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے کوئٹہ، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے…
مزید پڑھیے ←






