,

یونیورسٹی آف واہ میں پروفیشنل کنڈکٹ کے موضوع پر آگاہی سیشن کا انعقاد

واہ کینٹ ( نمائندہ خصوصی ) یونیورسٹی آف واہ بزنس اسکول کی بزنس لیڈرز پروفیشنل سوسائٹی (BLPS) کے زیرِ اہتمام 18 نومبر 2026 کو ’’ٹاک اینڈ ڈریس فار سکسیس (TDs)‘‘ کے سلسلے میں ’’پروفیشنل کنڈکٹ‘‘ کے موضوع پر ایک خصوصی آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں طلبہ کو پیشہ ورانہ اخلاقیات، نظم و ضبط اور کامیاب عملی زندگی کے لیے ضروری رویوں کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی گئی۔سیشن کے مہمان مقرر سید ثاقب علی شاہ، لیکچرر یونیورسٹی آف واہ بزنس اسکول اور ٹاک اینڈ ڈریس فار سکسیس پروگرام کے انسٹرکٹر تھے، جنہوں نے پیشہ ورانہ طرزِ عمل کے بنیادی اصولوں اور عملی زندگی میں ان کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی۔’’اخلاقی اصولوں پر مبنی پیشہ ورانہ طرزِ عمل‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیشن میں چھ بنیادی اصولوں، وقت، افراد، حدود، ادارہ جاتی درجہ بندی، خوش اخلاقی اور احترام کو خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا۔ مقرر نے وقت کی پابندی اور مؤثر ٹائم مینجمنٹ کو کامیاب پیشہ ورانہ زندگی کی اہم بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داریوں کو بروقت پورا کرنا اور وقت کی قدر کرنا فرد کی شخصیت اور کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔انہوں نے دوسروں کے ساتھ احترام سے پیش آنے، پیشہ ورانہ حدود کا خیال رکھنے، اداروں میں نظم و ضبط اور درجہ بندی کو سمجھنے، خوش اخلاقی کا مظاہرہ کرنے اور ہر فرد کے ساتھ عزت و وقار سے برتاؤ کرنے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔سیشن کے دوران طلبہ کو بتایا گیا کہ پیشہ ورانہ ماحول میں اخلاقی رویے، ذمہ داری کا احساس، باہمی احترام اور نظم و ضبط نہ صرف شخصیت کی تعمیر میں معاون ہوتے ہیں بلکہ اداروں میں بہتر روابط، مثبت ماحول اور مؤثر ٹیم ورک کو بھی فروغ دیتے ہیں۔اس آگاہی سیشن نے طلبہ کو عملی زندگی اور مستقبل کے کیریئر میں پیشہ ورانہ آداب اپنانے، اخلاقی اقدار کو مقدم رکھنے اور کامیابی کے لیے مثبت طرزِ عمل اختیار کرنے کے حوالے سے مفید عملی رہنمائی فراہم کی۔

متعلقہ خبریں

اسسٹنٹ کمشنر ٹیکسلا ڈاکٹر محمد انس سعید کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقات، مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی

November 19, 2026 | Dr Syed Sabir Ali

ٹیکسلا( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر عوامی مسائل کے فوری…

مزید پڑھیے ←