ڈاکٹر محمد انس سعید نے صفائی، تزئین و آرائش اور انتظامی امور کا جائزہ لیا، اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کی شکایات بھی سنیں
ٹیکسلا( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق تاریخی ورثے کے تحفظ، سیاحتی مقامات کی بہتری اور سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ٹیکسلا ڈاکٹر محمد انس سعید نے گندھارا آرٹ ولیج ٹیکسلا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انتظامی امور، صفائی ستھرائی، تزئین و آرائش اور سیاحوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے آرٹ ولیج کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور وہاں صفائی کے انتظامات، مرمت و بحالی کے کاموں، مجموعی دیکھ بھال اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو صاف ستھرا، خوشگوار اور بہترین ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ڈاکٹر محمد انس سعید نے ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، تزئین و آرائش اور دیکھ بھال کے امور پر خصوصی توجہ دی جائے اور انتظامی معاملات کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا اپنی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے باعث بین الاقوامی سطح پر منفرد مقام رکھتا ہے، لہٰذا اس کے تاریخی مقامات اور ثقافتی مراکز کی حفاظت، بہتری اور دیکھ بھال کے لیے مسلسل اور ذمہ دارانہ اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گندھارا آرٹ ولیج کو ایک بہتر سیاحتی مقام بنانے، اس کے ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کی کوششیں جاری رہنی چاہئیں، تاکہ ٹیکسلا کی تاریخی شناخت اور سیاحتی اہمیت کو مزید اجاگر کیا جا سکے۔

دریں اثنا اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر محمد انس سعید نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقات بھی کی، جس میں انہوں نے عوام کی جانب سے پیش کی جانے والی درخواستیں اور شکایات توجہ سے سنیں اور متعلقہ افسران کو مسائل کے فوری حل اور درخواست گزاروں کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت، شفافیت اور شہریوں کے مسائل کا فوری ازالہ انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور بروقت اقدامات کے ذریعے عوامی شکایات کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔








