,

یونیورسٹی آف واہ میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے سماجی معاونت کے نظام پر ہائبرڈ ورکشاپ کا انعقاد

واہ کینٹ( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) یونیورسٹی آف واہ کے زیر اہتمام خواتین کو بااختیار بنانے اور معاشرے میں ان کے مؤثر کردار کو فروغ دینے کے موضوع پر ایک ہائبرڈ ورکشاپ منعقد ہوئی، جس کا عنوان **’’سماجی معاونت کے نظام کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا: عصرِ حاضر کے پاکستان کے لیے رہنما اسباق‘‘ تھا۔اس ورکشاپ کا اہتمام پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی (PWPA)، ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (PHEC)، وائی پی ڈی سی۔ بانو شاہین انیشی ایٹو، یوتھ کی اڑان انیشی ایٹو، شعبہ معاشیات اور ویمن ایمپاورمنٹ اینڈ مینٹورنگ پروگرام (WEMP) کے اشتراک سے کیا گیا۔ورکشاپ میں ملک بھر سے 200 سے زائد شرکاء نے آن لائن اور بالمشافہ شرکت کی۔ اس علمی و فکری نشست کی میزبانی شعبہ معاشیات کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر اسماء عارف نے کی۔ اس موقع پر وائی پی ڈی سی۔ بانو شاہین انیشی ایٹو کی صدر اور بیچ اوّل کی فیمیل ایمبیسیڈر مس سعدیہ محمود اعوان جبکہ بیچ دوم کی فیمیل ایمبیسیڈر مس مائرہ کشف راجہ نے بھی ورکشاپ کے انعقاد اور سرگرمیوں میں معاونت فراہم کی۔ورکشاپ سے کلیدی خطاب یونیورسٹی آف پنجاب لاہور کے شعبہ میڈیا اینڈ ڈویلپمنٹ کمیونیکیشن کی ایسوسی ایٹ پروفیسر اور سربراہ ڈاکٹر عائشہ اشفاق نے کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے خاندانی معاونت، گھر اور معاشرے میں ذمہ داریوں کی منصفانہ تقسیم اور مضبوط سماجی روابط کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے اس امر کو اجاگر کیا کہ خواتین کی تعلیم، معاشی خودمختاری اور سماجی ترقی میں انفرادی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ خاندان اور معاشرتی اداروں کا تعاون بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ورکشاپ کے دوران اس بات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا کہ خواتین کے لیے مساوی اور جامع مواقع پیدا کرنا صرف حکومت یا کسی ایک ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس مقصد کے حصول کے لیے خاندانوں، تعلیمی اداروں، سماجی برادریوں اور سرکاری تنظیموں کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ خواتین کو تعلیم، روزگار، فیصلہ سازی اور معاشی سرگرمیوں میں مؤثر شرکت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے معاون سماجی ماحول اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔انٹرایکٹو نشست میں شرکاء نے خواتین کی سماجی و معاشی ترقی میں درپیش مسائل، سماجی معاونت کے مختلف ذرائع اور باہمی تعاون کے ذریعے خواتین کی شمولیت بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ورکشاپ کا بنیادی مقصد خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے خاندانی، تعلیمی، سماجی اور حکومتی سطح پر تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور عصرِ حاضر کے پاکستان میں خواتین کی ترقی و خودمختاری کے لیے مشترکہ ذمہ داری کے تصور کو فروغ دینا تھا۔اس ورکشاپ کے ذریعے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کو ایک علمی پلیٹ فارم فراہم کیا گیا، جہاں خواتین کی تعلیم، معاشی آزادی اور سماجی ترقی میں معاونت کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا۔

متعلقہ خبریں