,

فرانس میں پاکستانی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ کی پاکستانی و فرانسیسی کاروباری شخصیات سے ملاقات، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور

پیرس( نیوز ڈیسک ) فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستان بزنس فورم فرانس کے زیرِ اہتمام ایک اہم تقریب میں شرکت کی، جو حالیہ دورۂ پاکستان کے بعد فرانس سے تعلق رکھنے والے ممتاز وفد کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی۔ وفد میں فرانسیسی میئرز اور کاروباری رہنما شامل تھے، جبکہ تقریب میں منتخب عوامی نمائندوں، کاروباری شخصیات، پیشہ ور افراد اور فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مختلف طبقات نے بھی شرکت کی۔تقریب کے دوران فرانسیسی وفد کے ارکان نے اپنے حالیہ دورۂ پاکستان کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی عوام کی گرم جوش مہمان نوازی اور خلوص کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے تاریخی و ثقافتی ورثے، متنوع اور دلکش قدرتی مناظر، معاشی امکانات اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کو بھی اجاگر کیا۔ وفد کے ارکان نے پاکستان کے دورے کو خوشگوار تجربہ قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔فرانسیسی سینیٹ میں پاکستان۔

فرانس فرینڈشپ گروپ کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹر راشد تیمل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں عوامی سطح کے روابط کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام، منتخب نمائندوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے درمیان براہِ راست رابطے باہمی اعتماد اور مفاہمت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے خطاب میں پارلیمنٹیرینز، میئرز اور کاروباری شخصیات کے باہمی تبادلۂ دوروں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر مسلسل رابطوں اور دونوں ممالک کے شہروں اور قصبوں کے درمیان روابط کو فروغ دینے سے ایک دوسرے کے معاشرتی، ثقافتی اور اقتصادی ماحول کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی، جس سے پاکستان اور فرانس کے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔انہوں نے پاکستان کی معاشی صلاحیت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے کھلا ہے اور فرانس کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ باہمی روابط، کاروباری شراکت داری اور وفود کے تبادلوں کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے امکانات پیدا کیے جا سکتے ہیں۔تقریب نے حالیہ دورۂ پاکستان کے مثبت تجربات کو آگے بڑھانے اور پاکستانی و فرانسیسی کاروباری، سیاسی اور سماجی حلقوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کا موقع فراہم کیا۔ شرکاء نے اس امر کو اہم قرار دیا کہ عوامی سفارتکاری، ثقافتی تبادلے اور کاروباری تعاون کے ذریعے پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت کا ٹیکسلا میوزیم، موہڑہ مرادو اور سرکپ کا دورہ، یونیسکو کے تحفظات کا جائزہ

November 22, 2026 | Dr Syed Sabir Ali

ٹیکسلا( نمائندہ نوائے ٹیکسلا )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت نے چیئرمین سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان کی سربراہی میں ٹیکسلا…

مزید پڑھیے ←

وزارتِ خارجہ اور اسلام آباد چیمبر کے زیرِ اہتمام سفارتی و کاروباری روابط کے فروغ کے لیے گالف ٹورنامنٹ 2026 کا انعقاد

November 22, 2026 | Dr Syed Sabir Ali

اسلام آباد( نمائندہ نوائے ٹیکسلا )وزارتِ خارجہ پاکستان اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مشترکہ تعاون سے آئی سی سی آئی۔…

مزید پڑھیے ←