, ,

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کے ہاتھوں اسلام آباد میں امریکی کمپنی آکٹس کے نئے دفتر کا افتتاح

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے اسلام آباد میں امریکی کمپنی آکٹس (Octus) کے نئے دفتر کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان میں امریکی کمپنی کی سرمایہ کاری کو دونوں ممالک کے لیے باہمی فائدے کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی کاروباری اداروں کی پاکستانی مارکیٹ میں آمد سے نہ صرف تجارتی روابط مضبوط ہوتے ہیں بلکہ مقامی سطح پر روزگار، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر نیٹلی بیکر نے کہا کہ جب آکٹس جیسی امریکی کمپنیاں نئی بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دیتی ہیں تو اس سے ان کی عالمی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے اور امریکہ میں بھی روزگار کے مواقع اور نئی ایجادات کو فروغ ملتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں ایسی سرمایہ کاری سے معیاری ملازمتیں پیدا ہوتی ہیں، قابلِ اعتماد امریکی ٹیکنالوجی متعارف ہوتی ہے اور ڈیٹا کے تحفظ کے مضبوط طریقوں کو فروغ ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری پاکستانی نوجوانوں کے لیے عالمی معیار کے پیشہ ورانہ کیریئر کی راہیں کھولتی ہے۔

اس سے نوجوانوں کو جدید مالیاتی شعبے میں کام کرنے، بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر منوانے کے مواقع میسر آتے ہیں۔آکٹس ایک امریکی کمپنی ہے جو مالیاتی ڈیٹا اور تجزیے کے شعبے میں خدمات فراہم کرتی ہے۔ کمپنی نے پاکستان میں اپنے نئے دفتر کے قیام کے لیے یہاں کے باصلاحیت انسانی وسائل اور پاکستانی نوجوانوں کے عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے جذبے کو بنیادی اہمیت دی ہے۔امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے اس موقع پر کہا کہ نوجوانوں کو عالمی مالیات کے شعبے میں کام کرنے کے لیے اپنا ملک چھوڑنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے اس امر کو اجاگر کیا کہ پاکستان میں عالمی معیار کی کمپنیوں کی موجودگی مقامی نوجوانوں کو اپنے ملک میں رہتے ہوئے بین الاقوامی نوعیت کے پیشہ ورانہ مواقع فراہم کر سکتی ہے۔نیٹلی بیکر نے مزید کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشحالی کے نئے امکانات پیدا کرتے ہیں۔ امریکی سرمایہ کاری سے پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور ہنرمند افرادی قوت کی ترقی کو تقویت ملتی ہے، جبکہ امریکی کمپنیوں کو بھی ایک باصلاحیت افرادی قوت اور نئی منڈی تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے آکٹس پاکستان کی ٹیم کو نئے دفتر کے افتتاح پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ آکٹس کے دفتر کا قیام پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں روابط کو آگے بڑھانے کی ایک نئی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت کا ٹیکسلا میوزیم، موہڑہ مرادو اور سرکپ کا دورہ، یونیسکو کے تحفظات کا جائزہ

November 22, 2026 | Dr Syed Sabir Ali

ٹیکسلا( نمائندہ نوائے ٹیکسلا )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت نے چیئرمین سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان کی سربراہی میں ٹیکسلا…

مزید پڑھیے ←

فرانس میں پاکستانی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ کی پاکستانی و فرانسیسی کاروباری شخصیات سے ملاقات، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور

November 22, 2026 | Dr Syed Sabir Ali

پیرس( نیوز ڈیسک ) فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستان بزنس فورم فرانس کے زیرِ اہتمام ایک اہم تقریب میں…

مزید پڑھیے ←