, , ,

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت کا ٹیکسلا میوزیم، موہڑہ مرادو اور سرکپ کا دورہ، یونیسکو کے تحفظات کا جائزہ

ٹیکسلا( نمائندہ نوائے ٹیکسلا )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت نے چیئرمین سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان کی سربراہی میں ٹیکسلا میوزیم، قدیم آثارِ قدیمہ کے مقام موہڑہ مرادو اور سرکپ کا دورہ کیا، جہاں کمیٹی نے تاریخی ورثے کے تحفظ، جاری ترقیاتی و بحالی کے کاموں اور ان مقامات پر تعمیراتی و تزئین و آرائش کی سرگرمیوں سے متعلق یونیسکو کے تحفظات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے بعد اس معاملے پر کمیٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں سینیٹر سردارم علی اور سینیٹر سید وقار مہدی نے شرکت کی۔ٹیکسلا میوزیم کے دورے کے دوران کمیٹی ارکان نے گندھارا تہذیب سے تعلق رکھنے والے تاریخی نوادرات کا مشاہدہ کیا اور ان کی تاریخی، ثقافتی اور قومی اہمیت کو اجاگر کیا۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان نے کہا کہ تاریخ اور ثقافتی ورثے کا تحفظ قومی ذمہ داری ہے، جبکہ ٹیکسلا کا عظیم آثارِ قدیمہ نہ صرف پاکستان کا قیمتی اثاثہ بلکہ پوری انسانیت کا مشترکہ ورثہ بھی ہے۔کمیٹی کو ٹیکسلا میوزیم کو سیاحوں کے لیے مزید پُرکشش اور سہولتوں سے آراستہ بنانے کے مجوزہ ترقیاتی منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ارکان نے واضح کیا کہ میوزیم اور دیگر تاریخی مقامات پر تزئین و آرائش، تعمیر اور ترقیاتی سرگرمیوں کے دوران یونیسکو کی ہدایات اور عالمی معیار کے اصولوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ تاریخی مقامات کی اصل حیثیت اور ثقافتی شناخت متاثر نہ ہو۔

ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی نے کمیٹی کو موہڑہ مرادو اور سرکپ میں تحفظ و بحالی کے کاموں کے حوالے سے یونیسکو کے تحفظات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک گمنام شکایت کے بعد ان سرگرمیوں کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ یونیسکو کی ٹیم نے متعلقہ مقامات کا دورہ کیا اور وہاں جاری تحفظ کے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مزید بتایا گیا کہ حکومت پنجاب ٹیکسلا کے قومی ورثے اور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل مقامات کے تحفظ اور حفاظت کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔کمیٹی کو سیاحوں، بالخصوص غیر ملکی سیاحوں اور بدھ مت کے زائرین کے لیے مجوزہ سہولتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ منصوبے میں رہائشی انتظامات، ایک میڈیٹیشن سینٹر، پانچ انفرادی لاجز اور دو فیملی لاجز کی تعمیر شامل ہے۔ حکام نے بتایا کہ ان سہولتوں کی تعمیر یونیسکو سے مطلوبہ منظوری حاصل ہونے سے مشروط ہوگی۔ اس کے علاوہ آثارِ قدیمہ کے مختلف مقامات تک سیاحوں کی آسان رسائی کے لیے ایک مخصوص ٹریل بنانے کی تجویز بھی منصوبے کا حصہ ہے۔چیئرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ مجوزہ رہائشی سہولتوں کے کرایے مناسب اور معمولی رکھے جائیں، تاہم معیار اور سہولتوں پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ترقیاتی منصوبے کی دستاویزات یونیسکو کو منظوری کے لیے بھجوا دی گئی ہیں اور فروری 2027 تک منظوری متوقع ہے، جبکہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آرکیالوجی پنجاب نے ترقیاتی کام جون 2028 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔کمیٹی نے تاریخی مقامات کے تحفظ اور سیاحت کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ٹیکسلا میں سیاحوں کے لیے بہتر انفراسٹرکچر اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے، تاہم تمام منصوبوں پر عالمی ورثے کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی اصولوں اور یونیسکو کی ہدایات کے مطابق عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ٹیکسلا میں سیاحت کے فروغ کے لیے بہتر سڑک رابطوں کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیٹی نے جی ٹی روڈ سے ٹیکسلا تک آنے والی رابطہ سڑک کی ازسرنو تعمیر و بہتری اور اسے دو رویہ کرنے کی سفارش بھی کی۔ چیئرمین کمیٹی نے وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت اور ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی پنجاب کو ہدایت کی کہ اس معاملے کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے ساتھ اٹھایا جائے تاکہ ٹیکسلا آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کی جا سکے۔موہڑہ مرادو کے دورے کے دوران کمیٹی نے آثارِ قدیمہ کے تحفظ اور تاریخی مقام کی اصل حیثیت برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یونیسکو کی گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کیا جائے اور اس کے تحفظات کو مثبت اور تعمیری رابطے کے ذریعے دور کیا جائے۔بعد ازاں کمیٹی نے سرکپ کے تاریخی آثار کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود قدیم تہذیبی ورثے کا جائزہ لیا۔ ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ ثقافتی ورثہ کسی بھی قوم کی تاریخ، شناخت اور اجتماعی میراث کا آئینہ دار ہوتا ہے، جس کا تحفظ آنے والی نسلوں کے لیے ناگزیر ہے۔کمیٹی کے دورے کا مقصد ٹیکسلا کے عالمی شہرت یافتہ تاریخی مقامات کے تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ سیاحت کے فروغ اور بنیادی سہولتوں کی بہتری کے لیے جاری منصوبوں کو عالمی معیار کے مطابق آگے بڑھانے کی ضرورت کو اجاگر کرنا تھا۔

متعلقہ خبریں

فرانس میں پاکستانی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ کی پاکستانی و فرانسیسی کاروباری شخصیات سے ملاقات، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور

November 22, 2026 | Dr Syed Sabir Ali

پیرس( نیوز ڈیسک ) فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستان بزنس فورم فرانس کے زیرِ اہتمام ایک اہم تقریب میں…

مزید پڑھیے ←