اسلام آباد( نمائندہ نوائے ٹیکسلا )وزارتِ خارجہ پاکستان اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مشترکہ تعاون سے آئی سی سی آئی۔ وزارتِ خارجہ گالف ٹورنامنٹ 2026 کا انعقاد 21 نومبر کو اسلام آباد گالف کلب میں کیا گیا، جس میں سفارتی برادری کے ارکان، مختلف ممالک کے سفیروں، کاروباری شخصیات، وزارتِ خارجہ کے افسران، سرکاری حکام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مدعو مہمانوں نے شرکت کی۔ٹورنامنٹ کا مقصد کھیلوں کے ذریعے باہمی دوستی، سفارتی تعلقات، کاروباری روابط اور عوامی سطح پر میل جول کو فروغ دینا تھا۔ گالف کے کھیل کے دوران شرکاء کو ایک دوسرے کے ساتھ غیر رسمی ماحول میں ملاقات، تبادلہ خیال اور تعلقات مضبوط بنانے کا موقع ملا، جبکہ یہ سرگرمی پاکستان کی عوامی اور اقتصادی سفارتکاری کے فروغ کے حوالے سے بھی اہم قرار دی گئی۔تقریب کے دوران سفارتی برادری اور کاروباری حلقوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء نے گالف کے مقابلوں میں حصہ لیا،

جبکہ پروگرام میں شرکاء کی شریکِ حیات کے لیے خصوصی پٹنگ مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر نیٹ ورکنگ استقبالیہ منعقد ہوا، جس میں سفارتکاروں، کاروباری شخصیات اور سرکاری حکام کو باہمی روابط بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر گفتگو کا موقع ملا۔تقریب کی تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ سفیر آصف افتخار احمد نے کہا کہ گالف لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور باہمی روابط مضبوط بنانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے پاکستان کو گالف کے لیے ایک حقیقی جنت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کھیلوں، قدرتی ماحول اور گالف کی سہولیات کے حوالے سے وسیع امکانات موجود ہیں۔سیکرٹری خارجہ نے وزارتِ خارجہ اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے ایک شاندار تقریب کے کامیاب انعقاد کو سراہا اور کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں عوامی سفارتکاری اور اقتصادی سفارتکاری کے اقدامات کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کھیلوں اور سماجی سرگرمیوں کے ذریعے مختلف ممالک کے سفارتی نمائندوں، کاروباری حلقوں اور پاکستانی اداروں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔آئی سی سی آئی اور وزارتِ خارجہ کے مشترکہ گالف ٹورنامنٹ نے سفارتی برادری اور کاروباری شعبے کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے، پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور دوستانہ ماحول میں تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے کا موقع فراہم کیا۔ تقریب کو کھیل، دوستی، کاروباری روابط اور سفارتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک اہم سرگرمی قرار دیا گیا۔








