کراچی( نیوز ڈیسک ) پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے نئے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے، ترکیہ کا جدید ترین سیسمک ریسرچ جہاز ’’اورچ رئیس‘‘ (Oruç Reis) کراچی بندرگاہ پہنچ گیا، جس کے ساتھ پاکستان کی سمندری حدود میں آف شور تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے جدید 3D سیسمک سروے مہم شروع ہونے جا رہی ہے۔ جہاز کی آمد پاکستان کے غیر دریافت شدہ سمندری توانائی وسائل سے استفادہ کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان توانائی، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔20 نومبر 2026 کو کراچی پورٹ کے ویسٹ وہارف، کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) میں ترک تحقیقی جہاز اورچ رئیس کی آمد پر ’’اِکی ہلال‘‘ (İki Hilal) کے عنوان سے ایک پروقار استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جس کا موضوع ’’دو ہلال، ایک افق‘‘ تھا۔ تقریب کا عنوان پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ تاریخی ورثے، بھائی چارے، باہمی اعتماد اور مشترکہ مستقبل کی علامت قرار دیا گیا، جس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، تکنیکی شراکت داری اور مشترکہ ترقی کے عزم کا اظہار کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار تھے، جبکہ ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بیرقدار مہمانِ اعزاز کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ وفاقی وزیر برائے توانائی علی پرویز ملک نے تقریب کی میزبانی کی۔ اس موقع پر گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی، ترکیہ کے سفیر عرفان نیزیروغلو، ترکیہ کی سرکاری توانائی کمپنی ٹی پی اے او (TPAO)، پاکستانی تیل و گیس کمپنیوں، کاروباری شخصیات اور مختلف سرکاری اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کو ملکی توانائی سلامتی، معاشی ترقی اور خود انحصاری کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بین الاقوامی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور علمی و تکنیکی تبادلے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔ پاکستان کے آف شور ہائیڈروکاربن وسائل کی تلاش ملکی توانائی ضروریات پوری کرنے، درآمدی توانائی پر انحصار کم کرنے اور مقامی وسائل کو بروئے کار لانے کے حوالے سے اہمیت رکھتی ہے۔انہوں نے اورچ رئیس کی پاکستان آمد کو دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو عملی اقتصادی تعاون میں تبدیل کرنے کی جانب ایک تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے باہمی تعلقات اب توانائی، سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں نئے امکانات کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بیرقدار نے اورچ رئیس کی پاکستان آمد کے سلسلے میں حکومت پاکستان، پیٹرولیم ڈویژن، شراکت دار کمپنیوں اور متعلقہ اداروں کی معاونت و انتظامات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے آف شور تحقیق، معدنیات کی ترقی، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ اورچ رئیس کی آمد محض ایک جہاز کی بندرگاہ پر آمد نہیں بلکہ معاہدوں کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے اور مشترکہ وژن کو کاغذ سے سمندر کی تہہ تک لے جانے کے سفر کا آغاز ہے۔ انہوں نے اسے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ بھائی چارے اور باہمی یکجہتی کی علامت قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک جغرافیائی طور پر فاصلے کے باوجود تاریخ، ایمان، مشترکہ اقدار اور نسلوں سے قائم محبت کے رشتوں میں ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے تقریب کے عنوان ’’اِکی ہلال‘‘ کی علامتی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہلال دونوں ممالک کی قومی شناخت میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔ پاکستان اور ترکیہ کے دو ہلال ایک ہی افق کی جانب دیکھ رہے ہیں، جہاں گہرا اقتصادی تعاون، ٹیکنالوجی میں شراکت داری اور مشترکہ خوشحالی دونوں ممالک کا مشترکہ مقصد ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ایران میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے پاکستان میں ایندھن کی فراہمی میں تعطل یا قلت کی صورتحال پیدا نہیں ہوئی، جبکہ جہاز کی بحفاظت آمد میں بحری اداروں، سکیورٹی اداروں، ریگولیٹری حکام اور شراکت دار کمپنیوں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔اورچ رئیس کی آمد کے ساتھ مشرقی آف شور انڈس بلاک سی (Eastern Offshore Indus Block C) میں جدید 3D سیسمک ڈیٹا حاصل کرنے کا منصوبہ شروع ہو رہا ہے۔ مشترکہ منصوبے میں ترکیہ کی کمپنی ٹی پی اے او بطور آپریٹر 25 فیصد ورکنگ انٹرسٹ، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (PPL) 35 فیصد، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (OGDCL) 20 فیصد اور میری انرجیز (MariEnergies) 20 فیصد حصے کے ساتھ شریک ہیں۔ اس منصوبے کے تحت تقریباً 670 مربع کلومیٹر سمندری رقبے پر 3D سیسمک ڈیٹا حاصل کیا جائے گا، جس سے زیرِ آب ارضیاتی ساخت اور ممکنہ تیل و گیس ذخائر کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔مذکورہ بلاک کی آپریٹر شپ 2 دسمبر 2025 کو پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ سے ترکیہ کی کمپنی ٹی پی اے او کو منتقل کی گئی تھی۔ نئے سروے میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، جس سے ماضی میں حاصل کیے گئے 2D اور 3D سیسمک ڈیٹا کے مقابلے میں زیادہ بہتر اور تفصیلی معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے۔ یہ ڈیٹا آف شور توانائی کے ممکنہ ذخائر کی جانچ، مستقبل کی ڈرلنگ اور سرمایہ کاری کے فیصلوں میں معاون ثابت ہوگا۔یہ منصوبہ پاکستان کی 18 سال بعد منعقد ہونے والی پہلی مسابقتی آف شور بڈنگ راؤنڈ 2025 کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس عمل کے نتیجے میں دسمبر 2025 میں تین آف شور اور دو آن شور ایکسپلوریشن بلاکس کے لیے پانچ معاہدے کیے گئے تھے، جن میں ترکیہ کی ٹی پی اے او نے پاکستان کی معروف توانائی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کی۔پاکستان اور ترکیہ نے آف شور تیل و گیس کے شعبے میں تعاون کے ساتھ ساتھ اہم معدنیات کی تلاش اور ترقی میں بھی کاروباری و تکنیکی شراکت داری کو آگے بڑھایا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (PMDC) اور ترکیہ کی ایم ٹی اے انٹرنیشنل کمپنی (MTAIC) کے نمائندوں کے درمیان بلوچستان کے علاقے پشین میں اینٹیمنی (Antimony) نامی اہم معدنیات کی ترقی کے لیے شیئر ہولڈرز معاہدہ بھی طے پایا۔اسی طرح میری منرلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور ترکیہ کی ایم ٹی اے انٹرنیشنل مائننگ اینڈ کنسلٹنسی کمپنی کے درمیان بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے، سونے اور متعلقہ معدنی ذخائر کی تلاش و ترقی کے لیے مشترکہ منصوبے کا معاہدہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ جیولوجیکل سروے آف پاکستان، ترکیہ کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف منرل ریسرچ اینڈ ایکسپلوریشن (MTA) اور ایم ٹی اے انٹرنیشنل مائننگ اینڈ کنسلٹنسی کمپنی (MTAIC) کے درمیان تکنیکی تبادلے، تربیت اور معدنی وسائل کی ترقی میں استعداد کار بڑھانے کے لیے سہ فریقی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی، آف شور تحقیق، معدنیات اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں یہ مشترکہ اقدامات دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو عملی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔ اورچ رئیس کی آمد اور اس کے ذریعے شروع ہونے والی جدید سمندری تحقیق سے پاکستان کے آف شور توانائی امکانات کے بارے میں نئے حقائق سامنے آنے، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھنے، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ملکی وسائل سے استفادے کی نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔

ایم این اے آسیہ ناز تنولی اورفیاض خان تنولی کی صاحبزادی پیا گھر سدھار گئیں
واہ کینٹ ( نمائندہ نوائے ٹیکسلا )صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) تحصیل ٹیکسلا فیاض خان تنولی اور رکن قومی اسمبلی آسیہ ناز تنولی کی…
مزید پڑھیے ←






