, ,

بچوں کے خلاف تشدد کے خاتمے سے متعلق عالمی وزارتی کانفرنس میں سارہ احمد کی شرکت، بچوں کے لیے مؤثر نظامِ انصاف کی ضرورت پر زور

لاہور( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) رکن صوبائی اسمبلی پنجاب اور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد (تمغۂ امتیاز) نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں منعقدہ دوسری عالمی وزارتی کانفرنس برائے انسدادِ تشددِ اطفال میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ کانفرنس کا انعقاد اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف (UNICEF) کے تعاون سے کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ کی قیادت میں پاکستانی وفد نے شرکت کی۔کانفرنس کے دوران سارہ احمد نے بچوں کے نظامِ انصاف (چائلڈ جسٹس) کے موضوع پر منعقدہ ایک اہم پینل ڈسکشن میں حصہ لیا، جہاں انہوں نے بچوں کے لیے مؤثر، منصفانہ اور ان کی ضروریات سے ہم آہنگ نظامِ انصاف کی تشکیل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں تشدد، استحصال اور دیگر خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے جووینائل جسٹس سسٹم کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے، تاکہ بچوں کو انصاف کی فراہمی کے دوران ان کی عمر، نفسیاتی ضروریات، عزت اور بنیادی حقوق کو مدنظر رکھا جا سکے۔اس موقع پر انہوں نے پاکستان میں بچوں کے تحفظ اور نظامِ انصاف کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق ملک میں 13 چائلڈ کورٹس اور 45 جووینائل جسٹس کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جبکہ بچوں سے متعلق مقدمات کو متبادل طریقہ ہائے تنازع کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ انہوں نے ان اقدامات کو بچوں کے لیے زیادہ مؤثر اور سہل نظامِ انصاف کی جانب پیش رفت کے طور پر اجاگر کیا۔سارہ احمد نے جووینائل جسٹس سسٹم رولز 2023 کے تحت بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے تعلیم، صحت کی سہولیات، فنی تربیت، بحالی اور قانونی معاونت کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے صرف قانونی اقدامات کافی نہیں بلکہ انہیں تعلیم، صحت، تربیت اور معاشرتی بحالی کے مناسب مواقع فراہم کرنا بھی ضروری ہے، تاکہ وہ ایک محفوظ اور باوقار زندگی گزار سکیں۔انہوں نے یونیسیف کے پروگرام ’’ری امیجن جسٹس فار چلڈرن‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ بچوں کے لیے ایسا جامع اور مؤثر نظامِ انصاف تشکیل دیا جائے جو ہر بچے کے حقوق، تحفظ، عزتِ نفس اور فلاح و بہبود کو یقینی بنائے۔ ان کے مطابق بچوں سے متعلق قانونی اور انتظامی نظام میں بہتری کے لیے ادارہ جاتی تعاون اور بچوں کی ضروریات کو مرکزی حیثیت دینا ناگزیر ہے۔کانفرنس میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے پیش کردہ مؤقف کے مطابق وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت حکومتِ پاکستان اور حکومتِ پنجاب بچوں کے خلاف تشدد کے خاتمے، ان کے حقوق کے تحفظ اور انہیں محفوظ مستقبل فراہم کرنے کے لیے اقدامات کے عزم کا اظہار کر رہی ہیں۔ عالمی کانفرنس میں سارہ احمد کی شرکت بچوں کے تحفظ سے متعلق پاکستان کے اقدامات اور تجربات کو بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے کا موقع بھی بنی۔

متعلقہ خبریں

راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی پنجاب انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی ایکسپو 2026 میں شاندار کامیابی، دو پوزیشنیں اپنے نام کر لیں

November 19, 2026 | Dr Syed Sabir Ali

راولپنڈی( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی نے پنجاب ہونہار انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی ایکسپو (PINTECH) 2026 میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے صحت،…

مزید پڑھیے ←

راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں ابتدائی طبی امداد اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے آگاہی ورکشاپ کا انعقاد

November 19, 2026 | Dr Syed Sabir Ali

راولپنڈی( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف کی رہنمائی اور یوتھ فار ہیومینٹی (وائی ایف ایچ)…

مزید پڑھیے ←