راولپنڈی( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی نے پنجاب ہونہار انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی ایکسپو (PINTECH) 2026 میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے صحت، طب اور بایومیڈیکل سائنسز کے شعبے میں دو پوزیشنیں اپنے نام کر لیں۔ یہ نمائش 14 اور 15 نومبر 2026 کو لاہور کے رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب میں منعقد ہوئی، جس کا اہتمام پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (PHEC) نے کیا تھا۔ اس کامیابی نے یونیورسٹی کی تحقیقی صلاحیتوں اور سائنسی جدت کے میدان میں طلبہ کی کارکردگی کو نمایاں کیا ہے۔ایکسپو میں ملک کی 35 جامعات کے 388 منتخب تحقیقی منصوبے پیش کیے گئے، جبکہ منتظمین کو مجموعی طور پر 632 منصوبے موصول ہوئے تھے۔ نمائش کا مقصد جامعات میں ہونے والی تحقیق، جدید سائنسی تصورات اور ٹیکنالوجی پر مبنی تخلیقی منصوبوں کو سامنے لانا اور نوجوان محققین کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا تھا۔راولپنڈی ویمن یونیورسٹی نے صحت، طب اور بایومیڈیکل سائنسز کی کیٹیگری میں پہلی اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ یونیورسٹی کے پہلے منصوبے ’’زخموں کو مندمل کرنے کے لیے شہد پر مبنی نینو پارٹیکلز شامل کرکے فلمز کی تیاری‘‘ نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جس کے ساتھ پانچ لاکھ روپے کا نقد انعام دیا گیا۔ یہ منصوبہ فوڈ اینڈ نیوٹریشن کی ذیلی کیٹیگری میں پیش کیا گیا تھا۔یونیورسٹی کے دوسرے منصوبے ’’نینو ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کردہ بایوڈی گریڈیبل پتلی فلم شیٹس برائے پیکیجنگ‘‘ نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جس پر 75 ہزار روپے کا انعام دیا گیا۔ یہ منصوبہ نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹکس کی ذیلی کیٹیگری میں شامل تھا۔ دونوں منصوبوں میں جدید سائنسی تحقیق اور عملی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے تصورات پیش کیے گئے۔ان تحقیقی منصوبوں کی نگرانی شعبہ کیمسٹری کی لیکچرار ڈاکٹر تنزیل اقبال نے کی، جبکہ یونیورسٹی کی نمائندگی ایم فل کیمسٹری کی طالبات حمنہ مریم اور لائبہ شہزادی نے کی۔ ان طالبات کی کامیابی کو ان کی تحقیقی محنت، علمی لگن اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے اس نمایاں کامیابی پر تمام کامیاب طالبات، تحقیقی ٹیم، شعبہ کیمسٹری اور آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ڈاکٹر تنزیل اقبال کی رہنمائی اور تعاون کو بھی سراہا، جن کی نگرانی میں یہ تحقیقی منصوبے تیار کیے گئے اور نمائش میں پیش کیے گئے۔راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی یہ کامیابی اعلیٰ تعلیم میں تحقیق، جدت اور سائنسی مہارتوں کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ قومی سطح کے اس پلیٹ فارم پر دو پوزیشنیں حاصل کرنا نہ صرف طالبات کی محنت کا اعتراف ہے بلکہ یونیورسٹی کے تحقیقی ماحول اور جدید سائنسی شعبوں میں پیش رفت کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

پاکستانی شنکیو کشینکائی کراٹے ٹیم ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے انڈونیشیا روانہ
فیصل آباد( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) پاکستان شنکیو کشینکائی کراٹے ٹیم 20ویں ایشین شنکیو کشینکائی کراٹے چیمپئن شپ میں شرکت اور ملک کی نمائندگی…
مزید پڑھیے ←






