اسلام آباد( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) قومی اسمبلی پاکستان کے پارلیمانی وفد نے بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں منعقدہ عالمی ای پارلیمنٹ کانفرنس 2026 کے دوسرے روز ’’اراکین اور پارلیمانی عملے کے لیے مصنوعی ذہانت سے متعلق آگاہی اور مہارتوں کی ترقی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ خصوصی سیشن میں شرکت کی۔ پاکستانی وفد میں قومی اسمبلی کے اراکین بلال فاروق تارڑ، میر شبیر علی بجارانی اور سید ابرار علی شاہ کے علاوہ سیکریٹری قومی اسمبلی سعید احمد میتلہ شامل تھے۔سیشن میں پارلیمانی اداروں میں مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کے بڑھتے ہوئے کردار، قانون سازی کے عمل میں اس کے عملی اطلاق اور پارلیمانی امور کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ پارلیمنٹیرینز اور پارلیمانی عملے کو مصنوعی ذہانت کی جدید ٹیکنالوجیز، ان کے فوائد، ممکنہ اثرات اور ذمہ دارانہ استعمال کے حوالے سے مناسب آگاہی اور ضروری مہارتیں فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اجلاس میں اس بات کو بھی اہمیت دی گئی کہ مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال سے پارلیمانی اداروں کے مختلف امور کو مزید منظم بنانے، قانون سازی کے مراحل میں سہولت پیدا کرنے اور ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانے کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ تاہم ان ٹیکنالوجیز سے استفادے کے لیے ان کے ذمہ دارانہ، محتاط اور بامقصد استعمال کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔عالمی ای پارلیمنٹ کانفرنس 2026 میں دنیا بھر سے پارلیمنٹیرینز، پارلیمانی حکام اور ٹیکنالوجی کے ماہرین شریک ہیں، جہاں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے پارلیمانی اداروں کو مضبوط بنانے، قانون سازی کے عمل میں بہتری لانے اور جمہوری طرزِ حکمرانی کو مؤثر بنانے کے حوالے سے تجربات اور بہترین عملی طریقہ کار کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔پاکستانی پارلیمانی وفد کی اس سیشن میں شرکت اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر ہونے والی تکنیکی پیش رفت سے ہم آہنگ رہتے ہوئے جدید ڈیجیٹل حل کو پارلیمانی نظام کا حصہ بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ اس طرح کی بین الاقوامی کانفرنسیں مختلف ممالک کے پارلیمانی اداروں کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے نظام کو بہتر بنانے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت اور وژن کے تحت قومی اسمبلی پاکستان میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے مختلف اہم اقدامات پہلے ہی کیے جا چکے ہیں۔ ان اقدامات میں پاکستان کے پہلے اے آئی سے لیس پارلیمانی نظام کا تعارف، اسپیکر آفس کی مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیجیٹل تبدیلی اور اراکینِ قومی اسمبلی کو ڈیجیٹل آلات کی فراہمی کے ذریعے کاغذ کے استعمال سے پاک پارلیمنٹ کی جانب پیش رفت شامل ہے۔ان اقدامات کا مقصد پارلیمانی امور کو جدید خطوط پر استوار کرنا، قانون سازی کے عمل کو سہل اور مؤثر بنانا اور ادارہ جاتی کارکردگی، شفافیت اور انتظامی صلاحیت میں بہتری کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہے۔ عالمی ای پارلیمنٹ کانفرنس میں پاکستانی وفد کی شرکت بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس کے ذریعے پاکستان کے پارلیمانی ادارے عالمی تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پاکستانی شنکیو کشینکائی کراٹے ٹیم ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے انڈونیشیا روانہ
فیصل آباد( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) پاکستان شنکیو کشینکائی کراٹے ٹیم 20ویں ایشین شنکیو کشینکائی کراٹے چیمپئن شپ میں شرکت اور ملک کی نمائندگی…
مزید پڑھیے ←






