ٹیکسلا( کورٹ رپورٹر، نوائے ٹیکسلا ) ٹیکسلا بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں انتخابی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے، جبکہ مختلف گروپوں اور امیدواروں کی جانب سے انتخابی رابطوں، مشاورت، حمایت حاصل کرنے اور جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ بار کے انتخابات 12 دسمبر کو منعقد ہوں گے، جس کے لیے وکلا برادری میں سیاسی و انتخابی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں اور امیدوار اپنی کامیابی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔پروفیشنل لائرز فورم (پی ایل ایف) کی جانب سے لائبریری سیکرٹری کی نشست کے لیے محمد طیب ڈار ایڈووکیٹ ہائی کورٹ کو متفقہ طور پر امیدوار نامزد کر دیا گیا ہے۔ ان کی نامزدگی کو پی ایل ایف کے اندر اتفاق رائے اور باہمی مشاورت کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ انتخابی میدان میں دیگر امیدواروں اور گروپوں کی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔محمد طیب ڈار ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے اپنی نامزدگی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ایل ایف گروپ کے چیئرمین ایس عرفان ملک، آصف مختار بٹ، میر ناصر بلال اور گروپ کے تمام وکلا کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں لائبریری سیکرٹری کے عہدے کے لیے متفقہ امیدوار نامزد کیا۔

انہوں نے کہا کہ ساتھی وکلا کی جانب سے ان پر اعتماد اور حوصلہ افزائی ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے، اور اگر وکلا برادری نے انہیں ووٹ دے کر کامیاب کیا تو وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری، خلوص اور محنت کے ساتھ ادا کریں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کامیابی کی صورت میں وہ کسی بھی موقع پر اپنے ساتھی وکلا کو مایوس نہیں کریں گے اور بار کی بہتری، وکلا کے لیے سہولیات اور لائبریری کے امور کو بہتر بنانے کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔محمد طیب ڈار ایڈووکیٹ نے نوجوان وکلا کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انہیں چاہیے کہ وہ اپنے سینئرز کا احترام کریں، ان کے تجربات سے استفادہ حاصل کریں اور قانون کے شعبے میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ اخلاقی اقدار کو بھی مقدم رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سینئرز کی عزت، محنت، اتحاد اور باہمی احترام ہی نوجوان وکلا کی کامیابی اور پیشہ ورانہ ترقی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ٹیکسلا بار کے انتخابات کے حوالے سے مجلس عاملہ کی پانچ نشستوں کے لیے امیدواروں کی نامزدگی تاحال التوا کا شکار ہے، جبکہ مختلف امیدواروں اور گروپوں کے درمیان مشاورت اور انتخابی سرگرمیاں جاری ہیں۔ 12 دسمبر کو ہونے والے انتخابات کے لیے بار کے ماحول میں سیاسی سرگرمیوں اور انتخابی مقابلے کا جوش نمایاں دکھائی دے رہا ہے۔وکلا برادری کی نظریں اب انتخابی نتائج پر مرکوز ہیں، جہاں مختلف گروپوں اور امیدواروں کی کامیابی کے لیے جاری کوششیں آئندہ چند روز میں مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔ محمد طیب ڈار ایڈووکیٹ کا تعلق سابق صدر ٹیکسلا بار ایسوسی ایشن آصف مختار بٹ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے چیمبر سے ہے








