, ,

عالمی یومِ اطفال محض جشن نہیں بلکہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا دن ہے، عائشہ رضا فاروق

اسلام آباد( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) نیشنل کمیشن آن رائٹس آف چائلڈ (این سی آر سی) کی چیئرپرسن عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ عالمی یومِ اطفال محض جشن منانے کا دن نہیں بلکہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے حوالے سے جوابدہی کا دن بھی ہے، جو ہم سب سے یہ سوال کرتا ہے کہ آیا ہم نے بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے اپنے وعدے پورے کیے ہیں یا نہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار عالمی یومِ اطفال 2026 کے موقع پر ’’کلر آف ڈریمز: سفارتخانہ اسپین کا بچوں کے حقوق سے متعلق آرٹ مقابلہ‘‘ کی تقریبِ تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ مقابلہ نیشنل کمیشن آن رائٹس آف چائلڈ اور سفارتخانہ اسپین کے مشترکہ تعاون سے منعقد کیا گیا، جس میں بچوں کو فن اور تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے اپنے خیالات اور احساسات کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا۔عائشہ رضا فاروق نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی تقریباً 47 فیصد آبادی، یعنی 11 کروڑ 50 لاکھ سے زائد افراد 18 سال سے کم عمر بچوں پر مشتمل ہے۔ ایسے ملک میں جہاں تقریباً ہر دوسرا فرد بچہ ہو، وہاں بچوں کی آواز سنے بغیر اور ان کی زندگیوں سے متعلق معاملات میں بامعنی شرکت یقینی بنائے بغیر مستقبل کی منصوبہ بندی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو معاشرے کا اہم حصہ تسلیم کرتے ہوئے ان کے خیالات، ضروریات، مسائل اور خواہشات کو اہمیت دینا ضروری ہے۔ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ انہیں ایسے مواقع فراہم کیے جائیں جہاں وہ آزادانہ طور پر اپنے احساسات اور تجربات بیان کرسکیں اور ان کی رائے کو متعلقہ فیصلوں میں اہمیت دی جائے۔چیئرپرسن این سی آر سی نے ’’کلر آف ڈریمز‘‘ آرٹ مقابلے کو بچوں کے لیے اظہارِ خیال کا ایک مؤثر اور تخلیقی پلیٹ فارم قرار دیا، جس کے ذریعے بچوں نے آرٹ اور مصوری کی زبان میں اپنے تجربات، خدشات، امیدوں اور مستقبل کے خوابوں کو پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے فن پارے ان کے نقطہ نظر، روزمرہ مسائل اور خواہشات کو سمجھنے کے لیے اہم بصیرت فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مقابلے میں بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے فن پارے نیشنل کمیشن آن رائٹس آف چائلڈ کے لیے بچوں کے نقطہ نظر پر مبنی اہم معلومات اور رہنمائی کا ذریعہ بنیں گے، جنہیں کمیشن کی پالیسی سفارشات، آگاہی مہمات اور حقوقِ اطفال کے فروغ سے متعلق اقدامات میں استعمال کیا جا سکے گا۔عائشہ رضا فاروق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ این سی آر سی بچوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی آواز کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور بچوں سے متعلق فیصلوں میں ان کی رائے کو شامل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کی بامعنی شرکت ایک ایسا بنیادی تقاضا ہے جسے ان کے حقوق، فلاح و بہبود اور روشن مستقبل کے لیے یقینی بنانا ناگزیر ہے۔عالمی یومِ اطفال کے موقع پر منعقدہ یہ آرٹ مقابلہ بچوں کے حقوق سے متعلق آگاہی، تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ اور بچوں کو اپنے خیالات پیش کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، جبکہ بچوں کی آواز کو پالیسی سازی اور معاشرتی فیصلوں میں شامل کرنے کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

ٹیکسلا بار الیکشن کی گہما گہمی عروج پر، پی ایل ایف نے لائبریری سیکرٹری کے لیے محمد طیب ڈار ایڈووکیٹ کو متفقہ امیدوار نامزد کر دیا

November 21, 2026 | Dr Syed Sabir Ali

ٹیکسلا( کورٹ رپورٹر، نوائے ٹیکسلا ) ٹیکسلا بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں انتخابی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے،…

مزید پڑھیے ←