, ,

جامعہ ہری پور کے وفد کا کیپیٹل اسمارٹ سٹی اسلام آباد میں سلیکون ولیج کا دورہ

ہری پور ( نمائندہ نوائے ٹیکسلا )جامعہ ہری پور کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد کی قیادت میں 20 نومبر 2026ء کو اسلام آباد میں کیپیٹل اسمارٹ سٹی کے سلیکون ولیج اور دیگر اہم تنصیبات کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ٹیکنالوجی، اسمارٹ سٹی سسٹمز، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔وفد میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالماجد، ڈین فیکلٹی آف آئی ٹی اینڈ نیومیرکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مختاج خان، ڈین فیکلٹی آف بائیولوجیکل اینڈ بائیومیڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عزیز اللہ، ڈین فیکلٹی آف سوشل اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عمارہ گل، ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر شیراز خان، ڈائریکٹر انڈرگریجویٹ اسٹڈیز ڈاکٹر ظہور احمد، ڈائریکٹر ASRB ڈاکٹر سمیع اللہ خان، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن میجر (ر) محمد اقبال، چیئرمین شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر یوسف سعید، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی سروسز ڈاکٹر سید شبیح الحسن اور ڈپٹی ڈائریکٹر اطہر کلیم شامل تھے۔وفد کا استقبال کیپیٹل اسمارٹ سٹی کے ڈائریکٹر مسٹر شامل احمد، بریگیڈیئر (ر) بلال، ڈائریکٹر کیپیٹل اسمارٹ سٹی، مسٹر جنید احمد، چیف ٹیکنالوجی آفیسر اسمارٹ ٹیک ون، بریگیڈیئر (ر) ارشد کیانی، چیف ٹیکنالوجی آفیسر اسمارٹ نیٹ ون، مسٹر راؤ ایتھر، ڈائریکٹر بزنس ڈویلپمنٹ HRL گروپ اور مسٹر خالد تیمور اکرم، ایڈوائزر ٹو چیئرمین HRL گروپ نے کیا۔دورے کے دوران وفد نے سلیکون ولیج کا دورہ کیا، جو پاکستان کا سب سے بڑا STZA لائسنس یافتہ اسپیشل ٹیکنالوجی زون ہے۔ اس موقع پر وفد کو وہاں کے جدید انفراسٹرکچر، ڈیٹا سینٹرز، اسکائی 47 ٹئیر تھری اے آئی ریڈی ڈیٹا سینٹر، بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور انکیوبیشن سینٹر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر جامعہ ہری پور کے لیے ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون اور دستیاب سہولیات سے استفادے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔اسمارٹ ٹیک ون میں وفد نے ڈیجیٹل ایکسپیرینس سینٹر اور انجینئرنگ کی سہولیات کا جائزہ لیا، جہاں انہیں اسمارٹ سٹی ٹیکنالوجیز، اسمارٹ سٹی او ایس، انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT)، مصنوعی ذہانت (AI)، سائبر سیکیورٹی اور دیگر جدید ڈیجیٹل نظاموں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی پارٹنرشپ پروگرام کے تحت طلبہ کے لیے انٹرن شپ، انڈسٹری پر مبنی فائنل ایئر پراجیکٹس، پیشہ ورانہ تربیت، اسٹارٹ اپ انکیوبیشن اور فیکلٹی کے لیے تعاون کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد کو کیپیٹل اسمارٹ سٹی کے ماسٹر پلان کے بارے میں بھی پریزنٹیشن دی گئی، جس میں جدید طرزِ تعمیر، رہائشی و تجارتی سہولیات، تعلیمی اداروں، صحت کی سہولیات، تفریحی مقامات اور پائیدار شہری ترقی کے منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی۔دورے کے آخری مرحلے میں وفد نے اسمارٹ انسٹیٹیوٹ آف ری ہیبلیٹیشن میڈیسن کا دورہ کیا اور وہاں موجود سہولیات اور ورکشاپ انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر جامعہ ہری پور کے اساتذہ اور طلبہ، بالخصوص Faculty of Biological & Biomedical Sciences سے وابستہ افراد کے لیے تعلیمی دوروں اور عملی تربیت کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔وائس چانسلر اور وفد کے دیگر اراکین نے کیپیٹل اسمارٹ سٹی، سلیکون ولیج اور اس سے منسلک اداروں میں ہونے والی تکنیکی ترقی، جدید انفراسٹرکچر اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہا۔ انہوں نے اسمارٹ سٹی سسٹمز کی تیاری اور عملی نفاذ میں پاکستانی انجینئرز کی خدمات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔ دورے کا اختتام ٹیکنالوجی، تحقیق، تعلیم، جدت اور صحت کے شعبوں میں مستقبل میں باہمی تعاون کے امکانات کو آگے بڑھانے کے عزم کے ساتھ ہوا۔

متعلقہ خبریں

ٹیکسلا بار الیکشن کی گہما گہمی عروج پر، پی ایل ایف نے لائبریری سیکرٹری کے لیے محمد طیب ڈار ایڈووکیٹ کو متفقہ امیدوار نامزد کر دیا

November 21, 2026 | Dr Syed Sabir Ali

ٹیکسلا( کورٹ رپورٹر، نوائے ٹیکسلا ) ٹیکسلا بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں انتخابی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے،…

مزید پڑھیے ←