اسلام آباد( نمائندہ نوائے ٹیکسلا )وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر وفاقی نظام تعلیم میں بہتری، تعلیمی اصلاحات اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام کی تشکیل کے حوالے سے قائم کمیٹی کے اہم اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں حکومتی نمائندوں، پارلیمنٹیرینز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم محترمہ وجیہہ قمر، رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان، وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، راجہ خرم نواز، پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ شرکاء نے اسلام آباد کے تعلیمی نظام کی موجودہ صورتحال، درپیش مسائل، تعلیمی معیار اور اصلاحات کے ذریعے بہتری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس کے دوران وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کے سروے، طلبہ کے تعلیمی نتائج اور دیگر صوبوں کے تعلیمی نظام کے ساتھ تقابلی جائزے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) کے انتظامی ڈھانچے کو مزید مؤثر، فعال اور بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا تاکہ تعلیمی اداروں کی کارکردگی میں بہتری اور انتظامی امور میں شفافیت و مؤثریت کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے اساتذہ کی دستیابی، جدید تدریسی طریقوں اور بنیادی تعلیمی سہولیات کی فراہمی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ اس سلسلے میں نئے اساتذہ کی بھرتی، موجودہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، اسکولوں میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر، جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور نئے اسکولوں و کالجز کے قیام جیسے اہم امور زیر غور آئے۔شرکاء نے تعلیمی اداروں کی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی، طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے اور تعلیمی سہولیات کی کمی کو دور کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس بات کو اہم قرار دیا گیا کہ تعلیمی اصلاحات صرف انتظامی تبدیلیوں تک محدود نہ ہوں بلکہ ان کے نتیجے میں طلبہ کے تعلیمی نتائج، تدریسی معیار اور اداروں کی مجموعی کارکردگی میں بھی بہتری آئے۔اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن عظیم خان گولڑہ نے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم اور جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنا ملک کے روشن مستقبل اور ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔عظیم خان گولڑہ نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد اسلام آباد کے تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے پورے پاکستان کے لیے ایک مثالی تعلیمی ماڈل بنانا ہے، جس میں معیاری تعلیم، بہتر تدریسی سہولیات، تربیت یافتہ اساتذہ اور مؤثر انتظامی نظام کو مرکزی حیثیت حاصل ہو۔اجلاس میں وفاقی نظام تعلیم کی بہتری کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات اور تعلیمی سہولیات کی توسیع پر مشاورت کی گئی، جبکہ اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم بلند کرنے، طلبہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور تعلیمی نظام کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے مربوط کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔








