ٹیکسلا (نوائے ٹیکسلا نیوز) ہائی ٹیک کے قیام کے 20 سال مکمل ہونے پر ایچ آئی ٹی ای سی اسکول اینڈ کالج فار گرلز کی طالبات نے ادارے کے بانی جنرل اسرار احمد گھمن سے ان کی لاہور میں رہائش گاہ پر خصوصی ملاقات کی اور اپنے تعلیمی ادارے کی دو دہائیوں پر مشتمل کامیابیوں کا جشن بانی کے ساتھ منایا۔ ملاقات میں ہائی ٹیک کے پہلے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈیئر محمود بشیر باجوہ بھی موجود تھے، جنہوں نے طالبات کا نہایت محبت اور گرمجوشی سے استقبال کیا۔ہائی ٹیک کا وفد جب جنرل اسرار احمد گھمن کی رہائش گاہ پہنچا تو دونوں شخصیات نے گھر کے دروازے پر طالبات کا مسکراتے چہروں کے ساتھ استقبال کیا۔ طالبات کے لیے یہ ملاقات ایک غیر معمولی اور یادگار تجربہ ثابت ہوئی۔ جنرل اسرار احمد گھمن اور بریگیڈیئر محمود بشیر باجوہ کے شفیق، منکسر المزاج اور دوستانہ رویے نے طالبات کو بے حد متاثر کیا۔ملاقات کے دوران طالبات نے دونوں شخصیات سے کھل کر گفتگو کی، مختلف سوالات کیے اور ان کے تجربات، یادوں اور خیالات سے استفادہ کیا۔ اس موقع پرہائی ٹیک کی 20ویں سالگرہ کا کیک بھی لایا گیا، جسے جنرل اسرار احمد گھمن اور بریگیڈیئر محمود بشیر باجوہ نے طالبات کے ہمراہ کاٹا۔ طالبات نے ’’ہیپی برتھ ڈے ہائی ٹیک‘‘ گیت کے ساتھ ادارے کا خصوصی ترانہ بھی پیش کیا، جبکہ قومی جذبے سے بھرپور ملی نغمہ ’’موج بڑھے یا آندھی آئے، دیا جلائے رکھنا ہے‘‘ بھی گایا گیا۔اس موقع پر گھر کے پُرتکلف ماحول میں طالبات کی چائے اور دیگر لوازمات سے تواضع کی گئی۔

جنرل اسرار احمد گھمن نے خصوصی شفقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچ جانے والی کھانے پینے کی اشیا بھی پیک کروا کر طالبات کے ساتھ روانہ کیں تاکہ وہ واپسی کے سفر میں کھا سکیں۔ ان کے اس محبت بھرے انداز نے طالبات اور اساتذہ کے دل جیت لیے۔جنرل اسرار احمد گھمن نے طالبات سے ملاقات پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہائٹونینز (HITONIANS) سے مل کر بے حد مسرت ہوئی ہے اور وہ ان کے خوش اخلاق اور باوقار طرزِ عمل سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے ہائی ٹیک کے طلبہ و طالبات کی کردار سازی اور تربیت کے لیے کام کرنے والے تمام افراد کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ ادارے کے بانی کے وژن کے مطابق نئی نسل کی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ملاقات کے دوران خوشگوار گفتگو، گیتوں، ماضی کی یادوں اور دلچسپ واقعات نے محفل کو محبت اور اپنائیت سے بھر دیا۔ طالبات کے لیے یہ لمحہ خاص اہمیت کا حامل تھا کہ انہیں اس شخصیت سے براہِ راست ملنے کا موقع ملا جس نے ہائی ٹیک کی بنیاد رکھی، جبکہ ادارے کے پہلے ایڈمنسٹریٹر کی موجودگی نے اس ملاقات کو مزید یادگار بنا دیا۔واپسی کے وقت طالبات کی خوشی دیدنی تھی اور وہ اس خوبصورت محفل سے رخصت ہونے پر آمادہ دکھائی نہیں دے رہی تھیں۔ ایک طالبہ نے اپنے احساسات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے ہم اپنے دادا دادی کے گھر سے واپس جا رہے ہیں۔‘‘ یہ جملہ جنرل اسرار احمد گھمن اور بریگیڈیئر محمود بشیر باجوہ کی شفقت اور مہمان نوازی کی عکاسی کرتا تھا۔ہائی ٹیک کی 20ویں سالگرہ کے موقع پر بانی جنرل اسرار احمد گھمن، پہلے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈیئر محمود بشیر باجوہ اور ادارے کی طالبات کا ایک چھت تلے جمع ہونا ایک یادگار اور جذباتی لمحہ بن گیا۔ اس ملاقات نے نہ صرف ادارے کی تاریخ سے وابستگی کو تازہ کیا بلکہ نئی نسل کو ان شخصیات کے قریب آنے کا موقع بھی فراہم کیا جن کی محنت اور وژن نے ہائی ٹیک کے سفر کی بنیاد رکھی۔








